عوامی تعاون کی بدولت معاشرے سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے،ڈی پی اونوشہرہ

جمعہ 23 فروری 2018 19:42

نوشہرہ۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نوشہرہ قاسم علی نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی اور اس کے ہر ممکن فوری حل کیساتھ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپس میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔عوامی تعاون کی بدولت معاشرے سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔

ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ ،منشیات فروشی اورجوابازی کی روک تھام کے لیے جامع لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ضلع بھر میں آپریشنز جاری ہیں ۔ پولیس میں تمام ٹرانسفر پوسٹنگ میرٹ پر کی جاتی ہے۔میرے دفتر کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ عوام اپنے مسائل کے حوالے سے مجھے میرے موبائل نمبرپر ایس ایم ایس کرکے اگاہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کو درپیش مسائل پر فوری کارروائی کی جائے گی ۔وہ تھانہ نوشہرہ کلاں میں عوام کی کھلی کچہری سے خطاب کررہے تھے۔عوام نے ضلعی پولیس افیسر کو علاقے میں درپیش مختلف عوامی ،سماجی اور دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے پولیس فورس کی جرائم کے سدباب کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ضلعی پولیس افیسر نے عوامی مسائل کو توجہ سنتے ہوئے موقع پر ہی ان کے ہر ممکن فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے ۔

ڈی پی او نوشہرہ قاسم علی نے کہا کہ پولیس فورس عوام کی جان ومال کے حفاظت کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔جرائم کے سدباب کے لیے عوام کے تعاون سے ایک جامع لائحہ عمل طے کر رہے ہیں ۔پولیس سماج دشمن عناصر کے خلاف بھر پور کاروائی کررہی ہیں ۔معاشرے کے ہر فرد کو سماجی برائیوں کے خلاف اپنا کردار اد اکرنا ہوگا ۔عوام کے تعاون سے ہی ایک پر امن معاشرئے کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

انھوںنے کہا کہ پولیس فورس میں تمام ٹرانسفر میرٹ پر ہوتے ہیں۔ہوائی فائرنگ ،سود منشیات فروشی ،جوابازی اور دیگر سماجی جرائم کے روک تھام کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کاروائیاں جاری ہیں۔ٹریفک کے رش کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے نمائندوں اور تاجران کے ساتھ مل کر ایک پلان تشکیل دے رہے ہیں۔پولیس فورس میں ایک بہترین فورس بن چکی ہے۔ تھانوں میں بزرگ شہریوں اور غریب عوام کو عزت اور احترام دی جاتی ہیں۔جس میں مزید بہتری کی کوشش جاری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔