سٹاک ایکسچینج کے بروکرز کومراعات دی جا رہی ہیں،رچرڈ مورین

پاکستان سٹاک ایکسچینج سرمایہ کاروں کے لیے پر کشش مقام بن چکی ہے،چیف ایگزیکٹو پی ایس ایکس

جمعہ 23 فروری 2018 19:28

راولپنڈی23فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ مورین نے کہا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج سرمایہ کاروں کے لیے پر کشش مقام بن چکی ہے ،چھوٹے اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کو اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کے لیے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ،کراچی لاہور اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کے انضمام کے بعد PSXکی کارکردگی بہتر ہوئی ہے، سٹاک انوسٹرز کو مزید سکیورٹی دینے کے لیے ایس ای سی پی کے ساتھ مل کر کام طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے ،بروکرز کو بھی سہولتیں اور مراعات دی جا رہی ہیں ایس ایم ای بورڈ بھی بنایا جا رہا ہے ایسے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیاں بھی سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ ہوں ان خیالات کا اظہارانہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر چیمبر زاہد لطیف خان، سینئر نائب صدر ناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سابق صدور، مجلس عاملہ کے اراکین اور تاجروں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی پی ایس ایکس کے چیف ایگزیکٹو نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں اور اقدامات کو سراہا انہوں نے چیمبر کے زیر اہتمام آل پاکستان چیمبرز صدورکانفرنس گوادر اور راول انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی قبول کی اور کہا کہ ان کا آفس اس سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گا اس سے پہلے صدر چیمبر زاہد لطیف خان نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں راولپنڈی چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر ایک مختصر بریفنگ دی انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای شعبے کی ترقی اور اسٹاک ایکسچینج کے بارے میں معلومات کے لیے چیمبر بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو سکتا ہے اس موقع پر سی ای او کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی کمشنر راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔