پولیس اور انتظامیہ کے سخت اقدامات بھی بسنت جنون نہ روک سکے

بسنت جیسے خونی کھیل کو روکنے میں راولپنڈی پولیس ناکام ہو گئی ہے،مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ

جمعہ 23 فروری 2018 19:28

راولپنڈی23فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) پولیس اور انتظامیہ کے سخت اقدامات بھی بسنت جنون نہ روک سکے ،منچلوں نے بسنت منا کر ہی دم لیا ،آسمان پتنگوں سے بھر گئے اور شہری ہوائی فائرنگ اور تیز آواز کا میوزک سن کر عاجز آگئے ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق منچلوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے 23فروری کو شہر میں بسنت منانے کا اعلان کیا تھا جبکہ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے پتنگ بازوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان کیا تھا تاھم اس کے باوجود شہری کے مختلف علاقوں بنی چوک ،خیابان سرسید ،ڈھوک منگٹال ،ڈھوک کھبہ ،وارث خان ،کری روڈ کے علاقوں میں نوجوانوں نے دھڑلے سے پتنگ بازی کی ۔

راولپنڈی پولیس بھی بھرپور طریقے سے سرگرم رہی اور گذشتہ شب بسنت نائٹ پر کسی حد تک قابو پانے کے باوجود جمعہ کے روز مجموعی طور پر پتنگ بازی پر پابندی کی خلاف ورزی نہ رکوائی جا سکی ۔

(جاری ہے)

متعدد علاقوں میں بو کاٹا ،اونچی آواز میں میوزک کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ کی شکایات بھی ملیں ۔پتنگ بازی کے حوالے سے مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ نے پولیس انتظامات کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور کہاکہ بسنت جیسے خونی کھیل کو روکنے میں راولپنڈی پولیس ناکام ہو گئی ہے ۔

مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے چیئرمین سید شاہد علی شاہ نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی کھلی خلاف ورزیء کی گئی اور فائرنگ سے بھی لوگوں میں خوف وہراس پھیلایا گیا تاھم راولپنڈی پولیس کے دعوے کام نہ آسکے ۔انہوں نے کہاکہ اگر پولیس پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عمل در آمد نہیں کراسکتی تو دیگر معاملات میں قانون کی پاسداری کا کیا ہوگا ۔

انہوںنے بسنت روکنے میں ناکامی پر وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف ،انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور آر پی او راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ سی پی او راولپنڈی اسرار عباسی کی جانب سے خود فیلڈ میں ہونے کے دعوئوں کے باوجود بسنت نہ رکوائی جا سکی ۔

متعلقہ عنوان :