اپوزیشن اراکین احد چیمہ کی گرفتاری کیخلاف بیورو کریسی کی جانب سے دفاتر کی تالہ بندی کھلوانے کیلئے پنجاب سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے

محمود الرشید کی سربراہی میں اراکین نے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ،دفاتر کھلے ہونے پر واپس لوٹ آئے ،پولیس افسران سے بھی ملاقات کی پیر کے روز احتجاج کرینگے، چیف جسٹس ہائیکورٹ صورتحال کا از خود نوٹس لیں ،احد چیمہ سے گریڈ واپس لیکر معطل کیا جائے‘ قائد حزب اختلاف

جمعہ 23 فروری 2018 19:28

اپوزیشن اراکین احد چیمہ کی گرفتاری کیخلاف بیورو کریسی کی جانب سے دفاتر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی سربراہی میں اپوزیشن اراکین اسمبلی سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی گرفتاری کیخلاف بیورو کریسی کی جانب سے دفاتر کی تالہ بندی کھلوانے کیلئے پنجاب سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے ،اپوزیشن اراکین نے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور دفاتر کھلے ہونے پر واپس لوٹ گئے جبکہ میاں محمو دا لرشید نے کہا ہے کہ دیگر صوبوں میں بھی بیوکریٹس پکڑے گئے لیکن ایسا تماشا نہیں ہوا،وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے کو انارکی کی طرف دھکیل رہے ہیں،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ صورتحال پر ازخود نوٹس لیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں احد خان چیمہ کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور بیورو کریسی کے ایک حلقے کی جانب سے اس گرفتاری پر احتجاج کی شدید مذمت کی گئی ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب میں بیوروکریٹس سیاسی جماعت بن گئے،شرافت کے پردے ہٹنے پر عوام سب کچھ جان گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے قصور لوگ اس قسم کی حرکتیں نہیں کرتے، حیرت ہے کہ جو افسر کرپشن میں نیب کی حراست میں ہے اسے اگلے گریڈ میں ترقی دیدی گئی ہے ، ہمار امطالبہ ہے کہ احد چیمہ سے گریڈ 20 واپس لیا جائے اور اسے معطل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب تک نیب سے تعاون نہیں کرتی ہم اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔موجودہ حکومت کرپشن کو فروغ دینے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ،پیر کے روز سے عوامی احتجاج کریں گے اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے بھی مطالبہ ہے کہا کہ س کا از خود نوٹس لیں ۔

انہوںنے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے کو انارکی کی طرف دھکیل رہے ہیں،ڈیڑھ ہفتے قبل کہہ دیا گیا نیب کے ساتھ تعاون نہیں کرنا اورریکارڈ تک رسائی نہیں ہونے دینی ، اسی لئے احد چیمہ بار بار کے نوٹسز کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ آئوٹ آف ٹرن والے وفادار ہڑتال کرنے اور تالہ بندی کی کوشش کر رہے ہیں ،پورے پنجاب سے سرکاری سطح پر افسران احتجاج کیلئے بلائے گئے ہیں اورڈپٹی کمشنر ان کے لئے کھانے کا اہتمام کر رہے ہیں ،یہ سب کچھ وزیر اعلیٰ کے کہنے پر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے احد چیمہ سے متعلق تمام ثبوت سامنے رکھے ،پیراگون میں 32 کنال اراضی لی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کریٹس اپنی حلف کی پاسداری کریں،اگر کوئی زبردستی کرتا ہمیں بتائیں، ہم جائیں گے او ر تالے توڑیں گے اور قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔ بعد ازاں میاں محمود الرشید کی سربراہی میں پی ٹی آئی اور آزاد اراکین سول سیکرٹریٹ پہنچے جہاں ایس پی سٹی علی رضا نے ان سے ملاقات کی ۔ محمود الرشید نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا لیکن اس دوران تمام دفاتر کھلے ہوئے تھے جس پر اراکین اسمبلی پولیس افسران سے ملاقات کرنے کے بعد واپس لوٹ آئے ۔