سپیکرصوبائی اسمبلی نے بلدیوکمارسے حلف لینے کیلئے پروڈکشن آرڈرجاری کردیا

جمعہ 23 فروری 2018 19:16

پشاور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) سپیکرخیبرپختونخوااسمبلی نے اقلیتی رکن بلدیوکمارسے حلف لینے کیلئے محکمہ داخلہ کو پروڈکشن آرڈرجاری کردیاہے جس میں کہاگیاہے کہ بلدیوکمار کو 26 فروری کو اسمبلی اجلاس میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلدیوکمارمشیربرائے اقلیتی امور سردارسورن سنگھ کے قتل کے الزام میں دوسالوں سے جیل میں ہے بلدیوکمارپی ٹی آئی کی اقلیتی نشست پر دوسری ترجیح تھی جس کے باعث الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سورن سنگھ کے قتل کے بعد بلدیوکمارکی کامیابی کانوٹیفیکیشن جاری کیا تاہم بدیو کمار نے ابھی تک رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف بھی نہیں اٹھایا۔

کچھ روز قبل پشاور ہائی کورٹ نے سپیکر کو بلدیو کمار سے رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف لنے کی ہدایت کی تھی ان احکامات کی روشنی میں سپیکرصوبائی اسمبلی نے پروڈکشن آرڈرجاری کردیا۔دوسری طرف سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی کے رکن اورمعاون خصوصی برائے سیاحت عبدالمنعم کی نااہلی کے بعد پی ٹی آئی بلدیوکمارکواسمبلی لاکر سینٹ انتخابات کیلئے ایک ووٹرکی کمی کوبھی پوراکرلیگی اور اس ضمن میں بلدیوکماراورحکومت کے مابین معاملات طے پاچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :