ضلعی انتظامیہ کی کاروائی، کارخانوں مارکیٹ میں مشہور برانڈ کے جعلی شیمپو بنانے والی بیشتر فیکٹریاں سیل ،مالکان گرفتار

جمعہ 23 فروری 2018 19:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2018ء)ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارخانو مارکیٹ میں کاروائی کر تے ہوئے مشہور برانڈ کے جعلی شیمپو بنانے والی بیشتر فیکٹریوں کو سیل کر تے ہوئے مالکان کو گرفتار کر لیا ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور اسلام زیب کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے اسسٹنٹ کمشنر محمد مغیث ثنا ء اللہ، علاقہ مجسٹریٹ سارہ تواب عمر، اے ایس پی حیات آباد وقار کھرل اور ایس ایچ او حیات آباد عبد اللہ جلال کے ہمراہ کارخانو میں مختلف مارکیٹوں میں چھاپہ مارتے ہوئے مشہور برانڈ کے جعلی شیمپو بنانے پر 17 منی فیکٹریوں کو سیل کر تے ہوئے مالکان کو گرفتار کر لیا۔

کاروائی کے دوران جعلی شیمپو بنانے میں استعمال ہونے والے کیمیکل کے ڈرم، سٹیکرز، خالی بوتلیں، پیکنگ میں استعمال ہونے والی مشینری اور دیگر مواد کو قبضے میں لیتے ہوئے فیکٹریوں کو سیل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان منی فیکٹریوں میں مشہور برانڈپینٹین، ہیڈ اینڈ شولڈر، لائف بوائے، جان سن بے بی شیمپو اور دیگر کی جعلی مصنوعات بنائی جا رہی تھیں۔ اس موقع پر بات کر تے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پشاور کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ کارخانوں مارکیٹ میں مشہور برانڈ کے جعلی شیمپو اور دیگر تیار کیے جا رہے ہیں جس پر کاروائی کر تے ہوئے فیکٹریوں کو سیل کر کے مالکان کو گرفتار کر لیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔