لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

جمعہ 23 فروری 2018 19:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2018ء) لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، ہفتہ کے روز بائیو میٹرک نظام کے تحت16254 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، چیئرمین الیکشن بورڈجاوید اقبال راجہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر رینجرز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ بار کے کل ہونے والے انتخابات کیلئے کل 4نشستوں کیلئی14امیدوار میدان میں ہیں،3 صدارتی امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، صدارتی امیدوار شاہد بٹر پروفیشنل گروپ، انوارالحق پنوں کو انڈیپنڈنٹ گروپ جبکہ آذر لطیف کو متعدد دھڑوں کی حمایت حاصل ہے،الیکشن بورڈ کے چیئرمین جاوید اقبال راجہ نے دیگر ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ بار کے انتخابات سو فیصد بائیو میٹرک نظام کے تحت کرائے جارہے ہیں جس کیلئے 86 بائیو میٹرک مشینیں نصب کر دی گئی ہیں، انہوں نے بتایا کہ پولنگ صبح 9 سے شام 5 بجے تک ایک گھنٹے کے وقفے سے جاری رہے گی، پولنگ کا عمل سرانجام دینے کیلئی5پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب کے وکلاء کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے بائیو میٹرک نظام سے ہی بلاک کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب بار کونسل کا فیصلہ جنوبی پنجاب کے وکلاء کے حق میں آ بھی گیا تو انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینا وقت کی کمی کی وجہ سے ممکن نہیں،جاوید اقبال راجہ نے کہا کہ پولنگ بوتھ تک ووٹرز کی رسائی لاہور ہائیکورٹ کے مسجد گیٹ اور ٹرنر روڈ گیٹ کے ذریعے کی جائے گی جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظردیگر تمام گیٹس کو بند رکھا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ دو طرح کے سکیورٹی حصار قائم کرکے رینجرز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی، پولنگ سٹیشن میں رجسٹرڈ ووٹرز کے علاوہ نان ووٹرز کا داخلہ مکمل بند رہے گا، ووٹرز کوقومی شناختی کارڈ، بار کارڈ ہمراہ لانا لازم ہو گا، وکلاء اپنی گاڑیوں کو ناصر باغ سے بینک سکوائر تک پارک کر سکیں گے، ووٹرز کو پارکنگ ایریا سے پولنگ بوتھ تک لانے کیلئے شٹل سروس چلائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :