فیصل آباد کے بعد کراچی کے شاپنگ مال میں بھی ٹرائی روم خواتین کیلئے ٹریپ روم نکلا

مشہور برانڈ کے آؤٹ لیٹ میں جیتا جاگتا بندہ چھپا بیٹھا تھا ،متاثرہ خاتون کا لیٹر ہیڈ پر معذرت لکھ کر دینے کا مطالبہ

جمعہ 23 فروری 2018 19:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2018ء) فیصل آباد کے بعد کراچی کے شاپنگ مال میں بھی ٹرائی روم خواتین کیلئے ٹریپ روم نکلا۔کلفٹن دو تلوار کے قریب مشہوربرانڈ کے آؤٹ لیٹ میں خاتون کے ساتھ پیش آنیوالے واقعے نے سب کے ہوش اڑادیے۔ بڑے بڑے شاپنگ مالز میں کروڑوں کمانے والی معروف فیشن برانڈز کے ٹرائی روم سے خواتین ڈرنے لگیں۔

فیصل آباد میں تو ٹرائی روم میں کیمرا چھپایا گیا تھا لیکن کراچی میں حد ہوگئی۔ مشہور برانڈ کے آؤٹ لیٹ میں جیتا جاگتا بندہ چھپا بیٹھا تھا۔ سوشل میڈیا پرخاتون کی پوسٹ نے کھلبلی مچادی۔خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تمام تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ وہ پسند آنے والے کپڑ ے ٹرائی کر کے دیکھنے ہی والی تھیں کہ انہیں آئینے میں ایک دروازے کی ناب ہلتی نظر آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھول کر دیکھا تو وہاں نیلے کپڑوں میں ملبوس آدمی چھپا بیٹھا تھا۔خاتون کے مطابق مجھے دیکھتے ہی اس نے منہ چھپا لیا، شور مچانے پر سب جمع ہوگئے۔ معاملہ کی سنگینی جان کر آؤٹ لیٹ والوں نے غلطی تسلیم کرلی۔ معروف فیشن برانڈ کے منیجر نے کہاں کہ ہم اسے ملازمت سے نکال دیں گے۔متاثرہ خاتون کا مطالبہ ہے کہ انہیں لیٹر ہیڈ پر معذرت لکھ کردی جائے۔ خواتین کو ٹرائی رومز استعمال نہ کرنے کا مشورہ بھی دے دیا۔مذکورہ واقعہ 20فروری کو دوتلوارکے قریب واقع آؤٹ لیٹ میں پیش آا تھا۔

متعلقہ عنوان :