لاہور قلندرز کے بیٹسمین کرس لین پی ایس ایل سے باہر ہو گئے

جمعہ 23 فروری 2018 18:46

لاہور قلندرز کے بیٹسمین کرس لین پی ایس ایل سے باہر ہو گئے
لاہور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے جارح مزاج بیٹسمین کرس لین فٹنس مسائل کے باعث پی ایس ایل سے آئوٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

کرس لین نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں راس ٹیلر کی شاٹ پر ڈائیو لگا کر گیند روکنے کی کوشش کررہے تھے کہ دایاں بازو زور دار انداز میں زمین سے ٹکرانے کی وجہ سے ان کا کندھا اتر گیا تھا، گرچہ ایکسرے میں ہڈی کی کوئی بڑی انجری ظاہر نہیں ہوئی تھی لیکن وہ پی ایس ایل میں شرکت کیلئے دبئی جانے کی بجائے برسبین واپس چلے گئے جہاں ان کا سکین ہوا۔

لاہور قلندرز کی مینجمنٹ پرامید تھی کہ کرس لین کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں اور وہ دوسرے مرحلے میں ٹیم کو جوائن کر سکیں گے اور اس لئے قلندرز نے کوئی متبادل بھی طلب نہیں کیا تھا۔ تاہم اب سکین رپورٹ آنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ پی ایس ایل نہیں کھیل پائیں گے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان کے متبادل کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کرس لین آئی پی ایل کیلئے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم میں بھی شامل ہیں۔