کراچی، پی ٹی آئی سندھ کا نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی پر جشن

عدالت کے فیصلے پر ن لیگ کی تنقید چاند پر تھوکنے کے مترادف ہے،ڈاکٹر عارف علوی

جمعہ 23 فروری 2018 18:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے پر ن لیگ کی تنقید چاند پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ جب سورج نکلتا ہے تو رات خودبخود غائب ہوجاتی ہے۔ بالکل اسی طرح ن لیگ کے سابق سربراہ نواز شریف کے فیصلوں کا کالعدم قرار دیاجانا بھی ایک زندہ حقیقت ہے جسے تسلیم کیے بغیر چارہ نہیں۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری الیاس شیخ اور ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری طاہر ملک کی طرف سے نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی پر منائے گئے جشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر کراچی کے نائب صدر راجہ اظہر ، فہیم خان ، نصرت واحد، صائمہ ندیم، سبحان علی ساحل، طاہر شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سچے انسان کے کردار کو داغدار نہیں کیاجاسکتا۔ عمران خان کے خلاف سینکڑوں کاغذات عدالت میں داخل ہوئے، ایک سال ان پر عدالت میں جرح ہوتی رہی اور وہ صادق اور امین کہلائے۔ پاکستان میں عدلیہ کو یہ فرق پیدا کرنا پڑے گا کہ جو چور اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے ، جس نے تین سو ارب روپے کی چوری کی ہے، کم از کم ایسے شخص کو سیاست سے دُور رکھا جائے اور جیل میں بھیج دیا جائے۔

ابھی تو نواز شریف پر اور بھی مقدمات ہیں۔ جیسے ہی ان کی پیروی ہوگی وہ جیل میں جائیں گے۔ یہ بہت بڑے چور اور ڈکیت ہیں جنہوں نے اپنی مرضی کا قانون پاس کروایا۔ میری رائے میں سپریم کورٹ نے بہت اچھا فیصلہ دیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ لوگ سپریم کورٹ کی تذلیل کی جتنی کوششیں کر رہے ہیں، بے کار ہیں کیونکہ وہ ایک معزز ترین ادارہ ہے۔ یہ لوگ سارے اداروں کے پیچھے پڑ گئے اور نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر کو انہوں نے ختم کردیا۔ اب یہ لوگ فوج اور عدلیہ کے خلاف بھی محاذ کھول کر بیٹھے ہیں۔ عمران خان نے بالکل ٹھیک کہا ہے کہ انصاف کی خاطر ہم جدوجہد کریں گے اور ہمیں وسیع پیمانے پر بھی اس مقصد کے لیے احتجاج کرنا پڑا تو کریں گے اور پھر جواب دیں گے کہ انہیں کیوں نکالا۔