چیف ایگزیکٹولیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کا ریجن بھر میں ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف ایکشن کی ہدایت

جمعہ 23 فروری 2018 18:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے لاہور سمیت ریجن بھر میں ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف بھرپور ایکشن کی ہدایات جاری کر د یں ۔لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کوہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے ۔

اس ضمن میں فیروز والہ ڈویژن کی رچنا ٹائون سب ڈویژن کے گائوں چک 43میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ علاقے کی بجلی کی مین سپلائی لائن کاٹ دی گئی ہے۔تقریباً 350گھروں پر مشتمل اس گائوں میں صرف 35میٹرز لگے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

73ڈیڈ ڈیفالٹرز کے ذمے 35لاکھ روپے کی رقم واجب الادا ہے جبکہ چار لاکھ روپے کی رقم 19رننگ ڈیفالٹرز کے ذمے واجب الادا ہے۔

چک 43کے رہائشی گزشتہ 5سال سے بجلی نادہندہ ہیں اور متعدد بار کارروائی اور ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی ہیں ۔لیسکو ترجمان کے مطابق گائوں چک43میں بجلی چور ی کی بے انتہا شکایات موصول ہوئی ٍہیں جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ گائوں کو بجلی دینے والی مین لائن کاٹ دی جائے۔مذکورہ گائوں کے ذمے واجب الادا رقم کی ادائیگی پر گائوں کی بجلی بحال کر دی جائیگی۔