Live Updates

تحریک انصاف نوجوانوں کو کھیل کود کے مواقع فراہم کررہی ہے،زاہددرانی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی

جمعہ 23 فروری 2018 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) ممبر صوبائی اسمبلی زاہد خان درانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کو کھیل کود کے مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل یقینی بنائی جاسکے۔ وہ سپورٹس کمپلیکس مردان میں 60 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے جوان مرکز کی افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر یو تھ افیئرز اسفندیار خان خٹک ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کاشف خان ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر کاشف احمد اور پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما ہاشم خان دیگان خیل بھی موجود تھے۔ زاہد خان درانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوان نسل کو بہترین تعلیمی اور تحقیقی سہولیات کیساتھ ساتھ کھیل کود کے مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ انکی ذہنی نشونما ہوسکے۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ ہمارے نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی اپنے جواہر کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان اچھی سرگرمیوں سے اپنے کلچر کو پروموٹ کرنا چاہتے ہیںتاکہ ہم اپنی 70سالہ محرومیوں کا ازالہ کرسکیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر یوتھ افیئرز اسفندیار خان خٹک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اسی طرز پر ہر ضلع میں ایک ایک جوان مرکز تعمیر کررہی ہے جن کی کل تعداد 25 ہے ۔

ابتدائی طور پر مردان اور پشاور میں جوان مراکز مکمل ہوگئے اور دوسروں پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز پر تخمینہ 60لاکھ سے 65لاکھ روپے تک آئیگا۔ ممبر صوبائی اسمبلی زاہد خان درانی نے جوان مرکز میں فراہم کردہ سہولیات جیسے کہ آن لائن گیمز ، سکیٹنگ ، میڈیا سنٹر ، ویڈیو کانفرنس ، سنوکر، سویمنگ پولز اور دوسری سہولیات کا معائنہ کیا اور نوجوانوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو فوری طور پر یہاں پر ممبر شپ کرنی چاہیے تاکہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھاسکیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات