ماحولیاتی تحفظ کیلئے مناسب اقدامات حکومت کی ذمہ داری ہی, سید ناصر حسین شاہ

جمعہ 23 فروری 2018 18:24

ماحولیاتی تحفظ کیلئے مناسب اقدامات حکومت کی ذمہ داری ہی, سید ناصر حسین ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمیں اپنے ماحولیاتی تحفظ کیلئے مناسب اقدامات کرنے ہوں گے، حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ماحولیات کو بہتر بنانے اور موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر ایسے ٹھوس اقدامات کریں تا کہ آنے والی نسل صاف اور بہتر ماحول میں زندگی بسر کر سکیں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں ’’کلائیمنٹ چینج سمٹ 2018ء‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری کیلئے ہمیں دیگر ذرائع بھی استعمال میں لانا ہوں گے اور حکومت سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دسمبر 2019ء تک ایک مربوط و جامع توانائی پلان دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کی یہ سمٹ اہمیت کی حامل ہے اور آرگنائزر کراچی گرامر اسکول کے طلبہ و طالبات نے اپنے اسکول میں ماحولیات اور موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے جو بھی اقدامات کئے ہیں وہ قابل تحسین ہیں جبکہ حکومت تمام ایسے اقدامات کو سراہتی ہے اور اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ماحولیات کی بہتری کیلئے ماحول دوست بسیں متعارف کرانے کا پروگرام ترتیب دیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ انسپیکشن کے ذریعے ماحول دوست فضاء بنانے کیلئے قوانین ترتیب دیئے ہیں تا کہ اس پر عملدرآمد کے ذریعے ہم اپنا مستقبل محفوظ اور صاف ستھرا بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی کی کمی کے مسائل ہیں اور اس سلسلے میں دریا اور سمندر میں آلودہ پانی کو روکنے کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹس کا منصوبہ ترتیب دیا ہے جو کہ دسمبر 2019ء تک مکمل ہو جائے گا جبکہ مزید ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

تقریب میں کلائیمٹ چینج انٹروڈکشن ڈاکیو منٹری دکھائی گئی، پینل ڈسکشن بھی منعقد کیا گیا جس میں ریاض احمد وگن، یار محمد، ڈاکٹر حناء سعید بیگ، ڈاکٹر نزہت، عبدالجبار قاضی، ڈاکٹر زمان احمد، ڈاکٹر اعظم اکرام الحق، عبدالرشید نے حصہ لیا جبکہ کراچی گرامر اسکول کی جانب سے ماحولیات اور موسمی تبدیلی کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے مختلف ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں گرین اسکول آف دی ائیر کراچی گرامر اسکول کی انچارج یاسمین زمان، توصیف، عارف حبیب، حسن محنتی، نصیر، ڈاکٹر احمد سلیم اختر، ڈاکٹر محبوب حسن نظامی اور ڈاکٹر عیسیٰ احمد کو دیا گیا۔