تاپی گیس منصوبہ سے خطہ کے کروڑوں عوام کی اقتصادی و سماجی حالت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی،

خطہ میں امن کے فروغ میں بھی اس کا اہم کردار ہو گا، تاپی پائپ لائن اور اس سے جڑے دیگر منصوبوں کی بدولت رکن ممالک کے مابین تاریخی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان کی حکومت اور عوام سے بڑھ کر کوئی بھی افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں نہیں ہو سکتا، پاکستان خطہ میں امن و ترقی کا علمبردار ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ہرات میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کے تحت بجلی، آپٹک فائبر و دیگر منصوبوں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

جمعہ 23 فروری 2018 17:59

تاپی گیس منصوبہ سے خطہ کے کروڑوں عوام کی اقتصادی و سماجی حالت کو بہتر ..
ہرات ۔ 23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تاپی گیس منصوبہ سے خطہ کے کروڑوں عوام کی اقتصادی و سماجی حالت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، خطہ میں امن کے فروغ میں بھی اس کا ایک کردار ہو گا، تاپی پائپ لائن منصوبہ اور اس سے جڑے دیگر منصوبوں کی بدولت رکن ممالک کے مابین تاریخی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان کی حکومت اور عوام سے بڑھ کر کوئی بھی افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں نہیں ہو سکتا، پاکستان خطہ میں امن و ترقی کا علمبردار ہے۔

جمعہ کو مغربی افغانستان کے تاریخی شہر ہرات میں پاکستان۔ترکمانستان۔افغانستان۔بھارت گیس پائپ لائن منصوبہ (تاپی) کے تحت بجلی، آپٹک فائبر و دیگر منصوبوں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت ان کیلئے اعزاز کی بات ہے، میں افغان صدر کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے اس منصوبہ کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ترکمانستان کے صدر قربان گل بردی محمدوف نے گیس پائپ لائن کا جو تصور پیش کیا تھا وہ اب توانائی کی راہداری میں تبدیل ہو رہا ہے، اس راہداری میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، اقتصادی زون، بجلی اور رابطوں کے دیگر منصوبے بھی شامل ہو گئے ہیں، یہ تاریخی منصوبے ہیں جس سے خطہ کے کروڑوں عوام کی اقتصادی و سماجی حالت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور خطہ میں امن کے فروغ میں بھی اس کا اہم کردار ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ رکن ممالک کے مابین تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے اس منصوبہ کی تکمیل میں تمام تر سہولیات اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سے بڑھ کر کوئی بھی افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں نہیں ہو سکتا، پاکستان سب سے زیادہ خطہ میں امن و ترقی کا علمبردار ہے۔

انہوں نے افغان عوام کو اردو زبان میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے پرعزم ہیں، ہم خطہ میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے پرعزم ہیں، میں افغان عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کی کامیابی ہماری کامیابی ہے، آپ کی ترقی ہماری ترقی ہے اور افغانستان میں امن پاکستان میں امن کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرات سے تعلق رکھنے والے جلال الدین رومی نے امن کا پیغام دیا، ہمیں امن، ترقی اور خوشحالی کے اس پیغام کو آگے پھیلانے کی ضرورت ہے۔