این ڈی ایم ای کے زیر اہتمام قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال کے مؤثر اور بروقت تدارک کیلئے قومی روسٹر کا افتتاح

جمعہ 23 فروری 2018 17:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے زیر اہتمام قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال کے مؤثر اور بروقت تدارک کیلئے قومی روسٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ روسٹر کا بنیادی مقصد قدرتی آفات و حادثات سے منسلکہ شعبہ جات میں کام کرنے والے ماہرین اور دوسرے تکنیکی ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا اور ان کی صلاحیتوں اور استعداد سے بوقت ضرورت استفادہ کرنا ہے۔

اس موقع پر سابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد مہمان خصوصی تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برگیڈیئر امختار احمد، ممبر آپریشنر این ڈی ایم اے نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ میں کام کرنے والے تمام ماہرین کو ایک جگہ پر اکٹھا کرنے کا مقصد یہ تھا کے قومی سطح پر ماہرین اور وسائل کا ایک ڈیٹا بیس تشکیل دیا جائے تاکہ ملک بھر میں کسی بھی ایمرجنسی کو صورت میں ہم اپنے تمام تر دستیاب وسائل سے پہلے ہی آگاہی ہواور ان کو فوری اور مؤثر انداز میں استعمال میں لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیشنل ہیومینٹیرین نیٹ ورک اور ایکشن ایڈ پاکستان کے اس پروگرام میں کلیدی کرادار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ہمہ جہتی کام ہے جس میں معاشرہ کے ہر فرد کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے ایمرجنسی صورتحال میں بروقت کارروائیوں کیلئے قومی روسٹر کا افتتاح کرکے ایک بہت بڑی خدمت سرانجام دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گذشتہ دہائی میں بدترین قدرتی آفات کا سامنا کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم نے بہت سیکھا بھی ہے۔ انہو ں نے زور دیا کہ اس نالج کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کو ضرورت ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو نقصانات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے قدرتی آفات کے نقصانات میں کمی کیلئے مؤثر حکمت عملی اور سرمایہ کاری پر زور دیا۔ تقریب کے شرکاء خصوصاً قومی روسٹر کے ممبران نے این ڈی ایم اے کے اس اقدام کے سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔