رمیز راجہ کی پی ایس ایل کا فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان دیکھنے کی خواہش

جمعہ 23 فروری 2018 16:40

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آئی سی سی پینل میں شامل نامور کمنٹیٹر رمیز راجا نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان دیکھنا چاہتے ہیں۔ایک انٹرویومیں رمیز راجہ نے کہاکہ لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے ابتدائی دوسیزن میں بھرپور کارکردگی دی اور اس مرتبہ وہ ایونٹ اپنے نام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

رمیز راجہ نے کہا کہ وہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھ رہے ہیں اور مستقبل کا ٹیلنٹ ان دو ٹیموں سے سامنے آسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے دوران ان کی نظریں شاہین آفریدی، صاحبزادہ فرحان، ابتسام شیخ، جنید خان، وہاب ریاض اور حسن علی پر ہوں گی۔ایک سوال پر رمیز راجہ نے کہا کہ بیٹنگ کا شعبہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ناقص ہے اور وہ پرامید ہیں کہ پی ایس ایل سے قومی ٹیم کے بیٹنگ کے خلا کو پورا کیا جاسکے گا۔