محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے آفیسران تیار ہوجائیں ، اب صرف کام ہو گا، منصور قادر ڈار

منصوبہ جات کی شفاف مانیٹرنگ کی جائیگی ،عوامی مفاد کے منصوبے زمین پر نظر آئیں گے،فائلو ں میں نہیں، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آزاد کشمیر

جمعہ 23 فروری 2018 16:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء)آزادکشمیرکے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی منصور قادر ڈار نے کہا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے آفیسران تیار ہوجائیں ، اب صرف کام ہو گا ۔منصوبہ جات کی شفاف مانیٹرنگ کی جائے گی اور عوامی مفاد کے منصوبے زمین پر نظر آئیں گے ۔اب منصوبہ جات فائلو ں میں نہیں بلکہ زمین پر ہوں گے ۔

عوامی مفاد کے منصوبہ جات میں کسی قسم کی غفلت اور لاپروہی برداشت نہیں کی جائی گی ۔آفیسران پروفیشنل انداز میں کام کریں کسی بھی ادارے میں ہیومن ریسورس فنانشل ریسورس سے زیادہ اہم ہوتا ہے ۔فیلڈ میں موجود آفیسران محکمانہ کارکردگی میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز محکمانہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ سردار نصرت عزیز ،چیف پلاننگ خواجہ مسعود احمد، ڈویژنل و ضلعی آفیسران بھی موجود تھے ۔اجلاس میں چیف پلاننگ خواجہ مسعود احمد نے محکمانہ پراگرس کے بارہ میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کوسالانہ ترقیاتی پروگرام میں 2005 ملین روپے فراہم کیے گے ہیں۔وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 1305جبکہ محکمہ کے ریگولرپروگرام کے تحت 700ملین روپے فراہم کیے گے ہیں جن کے تحت سکیمیں منظور ہو چکی ہیں اور ان پر کام جاری ہے ۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرکے اس میں مزید بہتری لائی جائیگی ۔متعلقہ آفیسران فیلڈ میں جاکر سکیموں کا معائنہ کریں اور انکی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔لوکل گورنمنٹ کا کام دور دارز علاقوں میں لوگوں کی خدمت کرنا ہے تاکہ ان علاقوں کی معاشی اور معاشرتی حالت بہتر ہوسکے ۔

انہوںنے کہا کہ محکمہ کا پروفیشنل اور انجینئر نگ ونگ مکمل کوارڈنیشن سے کام کرے اور عوامی ضروریات کے منصوبہ جات تیار کیے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے پاس اس وقت کل 7000سکیمیں ہیں اور یہ ساری کی ساری سکیمیں زمین پر نظر آئیں گی ۔انہوں نے کہا کہ جونیئر آفیسران سینئرآفیسران کا احترام کریں اور قانون و قاعدے کے مطابق کام کریں ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ عملدرآمد ونگ اور مانیٹرنگ ونگ کو الگ الگ کیا جائے گاتاکہ منصوبہ جات کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی و ڈویژنل آفیسران ایک دوسرے کے ساتھ کوارڈنیشن کو بہتر بنائیں تاکہ کارکردگی بہتر ہوسکے ۔