فیصلے کسی دبائو میں نہیں ،آئین و قانون کے مطابق ہونے چاہئیں،راجہ محمد فاروق حیدر

ْمحمد نواز شریف کیخلاف آنیوالے فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں ،عوام کو محبوب قیادت سے دور نہیں رکھا جا سکتا، نوجوان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں ،انتخابات کے انعقاد سے اختیار نچلی سطح پر منتقل ہوگا، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 23 فروری 2018 16:00

گڑھی دوپٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیروصدر مسلم لیگ ن راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ فیصلے کسی دبائو میں نہیں بلکہ آئین و قانون کے مطابق ہونے چاہئیں،محمد نواز شریف کے خلاف آنے والے فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں ،عوام کو ان کی محبوب قیادت سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔ نوجوان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں ،انتخابات کے انعقاد سے اختیار نچلی سطح پر منتقل ہوگا۔

جہلم ویلی خوبصورت علاقہ اسے سیاحت کا مرکز بنائیں گے۔گڑھی دوپٹہ کو تحصیل بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔اپنے آپ کو خوش قسمت ترین انسان سمجھتا ہوں کہ میرے ساتھ جانثار کارکنوں اور چاہنے والوں کی بہترین ٹیم موجود ہے ،کارکنوں کی محبت اور خلوص میرا سرمایہ حیات ہے۔

(جاری ہے)

گڑھی دوپٹہ چار حلقوں کا سنگم،تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور سرینگر کا گیٹ وے ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز گڑھی دوپٹہ عثمانی ہائوس میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کی صدارت ممبر مرکزی مجلس عامہ مسلم لیگ ن پرنسپل (ر) محمد افسر عثمانی نے کیا ۔ کنونشن سے ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، ضلعی صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد عارف خان، پروفیسر افسر عثمانی،چوہدری منظور ،میجر (ر) طارق اعوان،ملک عبدالرشید اعوان ،طارق عبداللہ ڈار، ایڈمنسٹریٹر ٹائون کمیٹی طارق عباس ڈار،راجہ اختر خان ، صغیر بخاری ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بڑھتی ہندوستانی جارحیت سے آزادکشمیر کے شہری پریشان ہونے والے نہیں۔ ہندوستان طے شدہ منصوبے کے تحت لائن آف کنٹرول پر نہتے عوام کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ بھارتی فوج نہتے شہریوں ،ایمبولیسنز، مسافر وین ،سکول بس اور بچوں کو نشانہ بنا کر مقامی لوگوں میں دہشت پھیلانا چاہتی ہے مگر لائن آف کنٹرول کے عوام ڈرنے والے نہیں ۔

پاکستان افواج نے کبھی سویلن آبادی کو نشانہ نہیں بنایا ،حکومت لائن آف کنٹرول کے عوام کے لئے کمیونٹی بنکرز،صحت سمیت تمام سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کریگی ۔انہوںنے کہا کہ میںاپنے آپ کو گڑھی دوپٹہ کا باسی سمجھتا ہوں ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے واٹر سپلائی سکیم گڑھی دوپٹہ کی بند لائنیں فوری طور پر کھولنے ،ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے ،تاریخی ریسٹ ہائوس کی دوبارہ تعمیر ،ٹائون کمیٹی کی گرانٹ کو بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے ہسپتال میں عملے کی کمی کو پورا کرنے اور گڑھی دوپٹہ پل کے حوالے سے عوامی شکایات فوری دور کرنے کا حکم دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹور ازم کوریڈور جہلم ویلی سے گزرے گا جس سے یہاں کے عوام کی حالت بدلے گی اور یہ علاقہ خوشحال ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت گڑھی دوپٹہ میں پینے کے پانی، سیورج اوردیگر مسائل کے حل کیلئے تمام تر ذمہ داریاں پوری کریگی۔ ترقیاتی بجٹ میں اضافے سے خطہ میں تعمیر و ترقی کا انقلاب آئے گا ، ترقیاتی بجٹ کا تصرف یقنی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا مجھے فخرہے کہ ہم نے فتنہ قادیانیت کو ختم کر کے ختم نبوتؐ کو آئین کا حصہ بنایا اورشریعت اپیلنٹ بینچ کا قیام عمل میں لایا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ فیصلے ذاتیات کی بنیاد پر نہیں بلکہ انصاف کی بنیاد پر ہونے چاہیں جس سے انصاف ہوتا نظر آئے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فری ایمرجنسی سروس ،میرٹ کا قیام ، محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کا نفاذ اور پبلک سروس کمیشن کی میرٹ پر تشکیل حکومت کے کارنامے ہیں ۔ انشاء اللہ عوام کیلئے مزید اقدمات کر کے جائیں گے تاکہ کسی کارکن کو شرمندی محسوس نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے وسائل پر آزادکشمیر کے عوام کا حق ہے جو ان کے ہر صورت ملے گا۔