پی ایس ایل کے فائنل کو تاریخی ایونٹ بنانے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی،جام خان شورو

نیشنل اسٹیڈیم کے اندورنی تمام انتظامات کو این ایل سی اور پی سی بی کی معاونت سے کم و بیش مکمل کرلیا گیا ہے ،وزیر بلدیات سندھ کا اجلا س سے خطاب

جمعہ 23 فروری 2018 16:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) وزیر بلدیات سندھ و کنونیئر شہری سہولیات کمیٹی برائے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی میں 25 مارچ 2018 کو ہونے والے میگا ایوینٹ کو تاریخی ایونٹ بنانے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جس طرح کراچی میں حالیہ دو ایوینٹ جس میں برہانی برادری کے روحانی پیشوا سیدنا برہان الدین اور اسماعیلی روحانی پیشوا آغا خان کی کراچی آمد کی طرح اس ایوینٹ کو بھی یادگار ایوینٹ بنایا جائے۔

نیشنل اسٹیڈیم کے اندورنی تمام انتظامات کو این ایل سی اور پی سی بی کی معاونت سے کم و بیش مکمل کرلیا گیا ہے اور ان کا یہ فیز 15 مارچ تک مکمل ہوجائے گا۔کھلاڑیوں کی کراچی آمد، وہاں سے ہوٹل میں قیام اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک کے تمام راستوں کو خوبصورتی کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ شائقین کرکٹ کے لئے مزار قائد، الہ دین پارک اور پی اے ایف کے نزدیک سے شٹل سروس کی فراہمی کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں شہری سہولیات کی فراہمی کی کمیٹی برائے فائنل پی ایس ایل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان،سیکرٹری بلدیات رمضان اعوان،ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ، جنرل ،مینیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طلحہ فاروقی، چیئرمین ڈی ایم سی ایسٹ معید انور، ایم سی ایسٹ وسیم سومرو، اسپیشل سیکرٹری ٹیکنیکل نیاز سومرو، ، ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، این ایل سی کے کرنل شعیب ، ڈی سی ایسٹ افضال زیدی، ایس ایس پی ایسٹ کے علاوہ کے الیکٹرک، واٹر بورڈ اور دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں پر وزیر بلدیات کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر این ایل سی اور نیشنل اسٹیڈیم کی انتظامیہ کی جانب سے گرائونڈ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں اب تک کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے مکمل بریفنگ سی اور صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان کا یہ فیز 15 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر پی ایس ایل کے فائنل کے لئے بنائی جانے والی اس کمیٹی کا مقصد عوام کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میگا ایوینٹ کو تاریخی ایوینٹ بنانے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ جام خان شورو نے کہا کہ میچ سے قبل اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم کے باہر پانی، سیوریج، سڑکوں کی تیاری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی اور شائقین کے لئے اسٹیڈیم تک رسائی اور وہاں سے واپسی کے لئے ٹرانسپورٹ شٹل سروسز سمیت دیگر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جام خان شورو نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے اندر ہی ایک اور گرائونڈ بھی بنایا جارہا ہے، جس کا کام بھی کم و بیش مکمل ہوگیا ہے اور وہاں اب گھانس لگنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کراچی آمد، وہاں سے ہوٹل میں قیام اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک کے تمام راستوں کو خوبصورتی کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ مزار قائد، الہ دین پارک اور پی اے ایف کے نزدیک سے شٹل سروس کی فراہمی کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جس طرح کراچی میں حالیہ دو ایوینٹ جس میں برہانی برادری کے روحانی پیشوا سیدنا برہان الدین اور اسماعیلی روحانی پیشوا آغا خان کی کراچی آمد کی طرح اس ایوینٹ کو بھی یادگار ایوینٹ بنایا جائے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ مئیر کراچی، ڈی ایم سیز، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، این ایل سی، کے الیکٹرک، واٹر بورڈ ، کمشنر و ڈپٹی کمشنرز ، پولیس اور دیگر تمام ادارے اس میگا ایوینٹ کی تیاریوں کے حوالے سے مکمل باہمی رابطوں میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب سے میچ کے انعقاد تک ہر ہفتہ میں اس کمیٹی کے کم سے کم دو اجلاس منعقد ہوں گے، جس میں کی جانے والی تیاریوں پر مکمل بریفنگ لی جائے گی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر جام خان شورو نے مئیر کراچی اور دیگر کے ہمراہ گرائونڈ میں جاری کاموں کا جائزہ لیا اور بعد ازاں گرائونڈ کے باہر بنائے جانے والے نئے گرائونڈ، اطراف میں جاری ترقیاتی کاموں اور سڑکوں کا بھی دورہ کیا اور موقع پر ہی افسران کو ہدایات بھی جاری کی اور انہوں نے اس کی مکمل رپورٹ پیر تک طلب کرلی ہے۔