میٹرو ٹرین کے تمام 27ٹرین سیٹ چین سے پاکستان روانہ کرد یئے گئے‘خواجہ احمد حسان

شالامار باغ اور لکشمی چوک کے قریب ٹرین کے ٹریک کی تعمیر اگلے ہفتے مکمل کر لی جائے گی‘میڈیا سے گفتگو

جمعہ 23 فروری 2018 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ میٹرو ٹرین کے تمام 27ٹرین سیٹ چین سے پاکستان روانہ کرد یئے گئے ہیں ،15سیٹ لاہور پہنچ چکے ہیں ‘چار سیٹ کراچی سے لاہور بھجوادیئے گئے ہیں جبکہ باقی آٹھ بحری جہاز کے ذریعے بہت جلد پاکستان پہنچ جائیں گے ،جی ٹی روڈ پر شالامار باغ جبکہ میکلوڈ روڈ پر لکشمی چوک کے قریب ٹرین کے ٹریک کی تعمیر اگلے ہفتے مکمل کر جائے گی ،ڈیرہ گجراں میں میٹر و ٹرین کے ڈپو میں سڑکوں پر اسفالٹ کی تہہ بچھانے کے ساتھ ساتھ ہارٹی کلچر کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

رنگ روڈ سے محمود بوٹی تک جی ٹی روڈ پر بھی اسفالٹ بچھایا جا رہا ہے۔وہ گزشتہ روز ڈیرہ گجراں ڈپو کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے ۔حکم امتناعی کے باعث متاثرہ مقامات گلابی باغ اور بدھو کے مقبرے کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ جی پی او سٹیشن کی پہلی سلیب کے لئے کنکریٹ بچھانے کی خاطر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔22کنال اراضی پر مشتمل اس سٹیشن کوپانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ سٹیشن کی چھت کے لئے 10ہزار 672کیوبک میٹر کنکریٹ ڈالی جائے گی ۔ خواجہ احمد حسان نے بعدازاں انہوں نے اسلام پارک‘سلامت پورہ اور محمود بوٹی سٹیشنوں کا بھی دورہ کیا ۔ ان سٹیشنوں کا اوسطاً 96فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اور باقی چار فیصد اسی ماہ ختم کرنے کے لئے اضافی لیبر لگا دی گئی ہے ۔

دورے کے موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندے اور مقامی کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :