ٹی ایم اے ایبٹ آباد اور تاجروں کے درمیان کرایوں میں اضافہ کے حوالہ سے مذاکرات کامیاب ہو گئے

جمعہ 23 فروری 2018 15:20

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) ٹی ایم اے ایبٹ آباد اور تاجروں کے درمیان کرایوں میں اضافہ کے حوالہ سے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ تاجر تنظیموں اور تحصیل کونسل کے اراکین نے کرایوں میں اضافہ کا فارمولہ طے کر لیا، فارمولہ کی منظوری تحصیل کونسل سے حاصل کرنے کے بعد اس پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔ ٹی ایم اے ایبٹ آباد نے دکانوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا تھا جس پر تاجروں میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔

گذشتہ روز تاجروں اور تحصیل کونسل کے اراکین کے مابین کرایوں کے حوالہ سے مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں آل ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر سلطان نواز اور جنرل سیکرٹری محمد بنارس عباسی کے علاوہ آل ٹریڈر فیڈریشن کے قائدین بزرگ تاجر رہنما حاجی ممتاز خان، سردار شاہنواز، حاجی الیاس، سردار سعید، سردار خالد، شیخ نثار، سردار ارشاد اور ملک گل الطاف موجود تھے جبکہ تحصیل کونسل کی طرف سے نائب ناظم سردار شجاع احمد اور ممبران تحصیل کونسل نعیم اعوان، صداقت خان، عادل عباسی، راجہ شجاعت اور حاجی سلطان موجود تھے۔

(جاری ہے)

تاجروں اور تحصیل کونسل کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد کرایوں میں اضافہ کا فارمولہ طے پا گیا۔ فارمولہ کے مطابق ٹی ایم اے کے کیبنوں کا کم از کرایہ دو ہزار روپے ہو گا، 2100 سے 5 ہزار روپے تک کی دکان کرایہ میں 20 فیصد، 5100 سے لیکر 10 ہزار روپے تک کرائے کی دکان کے کرایہ میں 15 فیصد اور اس سے زائد کرائے پر 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :