ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی کھلابٹ کے چیف آفیسر نے تاجروں کو تجاوزات ہٹانے کیلئے نوٹس جاری کر دیئے

جمعہ 23 فروری 2018 15:20

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) ڈپٹی کمشنر ہری پور سید فیاض علی شاہ کی ہدایت پر کھلابٹ میں تجاوزات کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت تاجروں کو تجاوزات ہٹانے کیلئے نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ 3 دن کے بعد مشینری کے ذریعہ تمام تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا، پکھرال چوک کے تاجروں نے مخصوص تجاوزات کے خلاف ایکشن اور نوٹس کو مسترد کر دیا، تاجر برادری کا کہنا ہے کہ تجاوزات چند دکانوں کی بجائے پورے کھلابٹ میں ہو گا تو اس کی بھرپور حمایت کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سائرہ رحمان نے جمعہ کو میونسپل کمیٹی کھلابٹ کے سٹاف کے ہمراہ پکھرال چوک سیکٹر نمبر2 میں تجاوزات کا معائنہ کیا جس کے دوران انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھلابٹ کو ہدایات جاری کیں کہ تمام تجاوزات کو ہٹانے کیلئے تین روز کا نوٹس جاری کریں، اس کے بعد ہیوی مشینری کے ذریعہ ہم خود تجاوزات کے خلاف آپریشن کریں گے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر ہری پور کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی کھلابٹ کے اہلکاروں نے پکھرال چوک میں نوٹس جاری کر دیئے ہیں جن کو پکھرال چوک کے تاجروں نے مسترد کر دیا ہے۔ تاجروں نے کہا کہ چند دکانوں کی بجائے ضلعی انتظامیہ پوری کھلابٹ میں تجاوزات کا منصفانہ آپریشن کرے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کھلابٹ کے ایک کونے سے شروع کیا جائے جو چاروں سیکٹرز سے ہوتا ہوا آخری کونے تک جاری رہے جس کیلئے ڈپٹی کمشنر ہری پور کو خود معائنہ کرنا ہو گا۔

عوامی حلقوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ہری پور ہفتہ میں ایک دن لازمی کھلابٹ کا معائنہ کریں، آج پکھرال چوک میں میونسپل کمیٹی کھلابٹ کے افسران اور عملہ کی پوری حاضری پہلی مرتبہ دیکھ کر یقین ہوا کہ کھلابٹ میں میونسپل کمیٹی نام کا کوئی ادارہ موجود ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ہری پور کی آمد سے قبل پکھرال چوک کو صاف ستھرا کیا گیا، فٹ پاتھ پہلی مرتبہ قبضہ مافیا سے آزاد کروائے گئے جس سے پکھرال چوک کی خوبصورتی میں ایک دم حیران کن اضافہ ہوا۔ عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر ہری پور کی کارروائی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور پورے کھلابٹ میں منصفانہ طور پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے۔