بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ ‘19سالہ نوجوان شہید‘بھارت جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کررہا ہے‘روس پر پابندیوں کی مذمت کریں گے-دفتر خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 23 فروری 2018 15:12

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ ‘19سالہ نوجوان شہید‘بھارت ..
راولپنڈی/ اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 فروری۔2018ء) بھارتی فوج کی جانب سے رواں ماہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر چوتھی مرتبہ بلا اشتعال فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوجیوں نے بارڈر کے قریب تیتری کے علاقے میں فائرنگ کرکے انضمام امین کو شہید کردیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انصمام امین تیستری میں دریائے پونچھ کےکنارے کرش پلانٹ پر کام کررہا تھا‘ بھارتی فوج کی فائرنگ پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی چوکی کو نشانہ بنایا۔ بعدازاں غیر ملکی دفاعی اتاشیوں نے ایل او سی راولا کوٹ کا دورہ کیا جہاں پاک فوج نے انہیں بھارتی فوج کی آبادی کو نشانہ بنانے کے پہلوﺅں پر مکمل بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چین، ترکی، انڈونیشیا سمیت چین، برطانیہ اور امریکا کے دفاعی اتاشی شامل تھے۔غیر ملکی دفاعی اتاشیوں نے متاثرین خاندان اور مقامی افراد سے ملاقات کیں جنہوں نے بھارتی بربریت کے حوالے تفصیلات سنیں۔دوسری جانب وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو جنگ بندی کی خلاف ورزی پر طلب کرلیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ برس بھارتی افواج نے 335 جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی خلاف ورزیوں میں 15 نہتے شہری شہید اور 65 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرنہتے کشمیریوں کو دہشت زدہ کرنے کا سلسلہ جاری جو کہ قابل مذمت ہے۔ ڈاکٹرفیصل نے کہاکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ان دنوں ترکمانستان کے دورے پر ہیں جہاں سے وہ افغانستان جائیں گے۔

انہوں نے پاکستان اور روس نے افغانستان میں داعش کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو خطے کے لئے خطرناک قرار دیا۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں دہشت گردی کے خلاف ناصرف نبردآزما ہیں بلکہ ہر سطح پر دہشت گردی کی مذمت بھی کرتے ہیں اور پاکستان روس سمیت کسی بھی ملک کے خلاف پابندیوں کی مذمت کرے گا۔پاکستان کو دہشت گردوں کے ‘معاون’ لسٹ میں شامل کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوالات پر ترجمان نے کوئی واضح جواب نہ دیا۔انہوں نے کہا کہ روسی ماہرین پاکستان میں توانائی کے شعبے میں جدت کے لئے کام کریں گے اور ملک میں ایل این جی میں کام کرنے کو تیار ہیں۔