صوبے بھر میں سیکورٹی اقدامات مزید سخت کئے جائیں، آئی جی سندھ

جمعہ 23 فروری 2018 15:11

صوبے بھر میں سیکورٹی اقدامات مزید سخت کئے جائیں، آئی جی سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پشاور میں رنگ روڈ پرمبینہ دھماکا کے تناظر میں صوبائی سطح پر مجموعی سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے احکامات تمام ڈی آئی جیز کو جاری کردیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ باالخصوص جمعتہ المبارک کے اجتماعات اور جاری پولیو ڈراپس مہم کے علاقوں سمیت صوبے کے تمام اہم مقامات بشمول حساس تنصیبات،سرکاری نیم سرکاری دفاتر، عمارتوں،ریلوے اسٹیشنز،ایئر پورٹس، بس ٹرمینلز وغیرہ،تفریحی پارکس،ودیگر مقامات،فاسٹ فوڈ چینز،ہوٹلز، سمیت تمام صنعتی وتجارتی زونز،شاپنگ سینٹرز،بچت بازاروں،مارکیٹوں اور باالخصوص اہم روٹس/ شاہراہوں پر سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو انتہائی سخت اور غیرمعمولی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ مشکوک سرگرمیوں اور مشتبہ افرادکی کڑی نگرانی کے سلسلے میں علاقہ انٹیلی جینس نظام کو ہرسطح پرمؤثر بنایا جائے اور اس حوالے سے قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں/انٹیلی جینس ایجنسیوں سے روابط کو مضبوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ خفیہ معلومات/اطلاعات کی شیئرنگ سے فوری اور بروقت انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں میں اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ اقدامات اس طور ترتیب دیئے جائیں کہ تھانہ جات کی حدود میں قائم مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، مزارات، درگاہوں سمیت اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات کی بھی سیکیورٹی کو غیرمعمولی بنایا جاسکے ۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ جملہ سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد تمام ضلعی ایس ایس پیز اپنی نگرانی میں کرائیں گے جبکہ ایس ایچ اوز کو علاقوں میں موجودگی اور وقتاً فوقتاً ڈپلائمنٹ پوائنٹس کی سرپرائز چیکنگ کا بھی پابند بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :