نوازشریف کو عدالتوں کے فیصلے ماننے چاہئیں،خورشید شاہ

گالی اور الزامات کی سیاست نہیں ہونی چاہیے، حکومت نے پانچ سال میں 7ہزار ارب قرضہ لیا ہے، ہم 21 ہزار ارب کے مقروض ہیں، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 23 فروری 2018 14:42

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 فروری2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کو عدالتوں کے فیصلے ماننے چاہئیں،گالی اور الزامات کی سیاست نہیں ہونی چاہیے، حکومت نے پانچ سال میں 7ہزار ارب قرضہ لیا ہے، ہم 21 ہزار ارب کے مقروض ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں اداروں کا احترام کرناچاہیے، نوازشریف خود کہتے رہے ہیں کہ عدالتی فیصلے تسلیم کرنے چاہئیں لہذا نوازشریف کو بھی عدالتوں کے فیصلے ماننے چاہئیں۔

انہوں نے کہا گالی اور الزامات کی سیاست نہیں ہونی چاہیے جب کہ وہ نہیں سمجھتے کہ سیننٹ کے الیکشن منسوخ ہوں گے۔خورشید شاہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پانچ سال میں 7ہزار ارب قرضہ لیا ہے، ہم 21 ہزار ارب کے مقروض ہیں، ملک کی معاشی حالت خراب ہے اور ہم قرضوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، ہر پیدا ہونے والا بچہ بھی یہاں مقروض ہے۔