توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 23 فروری 2018 14:12

توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 فروری۔2018ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران دانیال عزیز اپنے وکیل علی رضا ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔دانیال عزیز کے وکیل نے عدالت عظمیٰ کے روبرو کہا کہ میرے پاس اپنے موکل کے بیانات کی وڈیو کلپ نہیں ہے۔جس پر عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ویڈیو کلپ آپ پریس اینڈ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے خود لے لیں۔اس موقع پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیئے کہ مجھ سے وہ کھیل نہ کھیلیں جو میں نے ایجاد کیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز کلمات کو ہائی لائٹ کردیا جائے۔بعدازاں کیس کی سماعت 6 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران سپریم کورٹ اور ججوں کے بارے میں دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔