ضلعی انتظامیہ نے پشاورمیںکھلی کچہری کا انعقاد

جمعہ 23 فروری 2018 13:40

پشاور۔23فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) ضلعی انتظامیہ نے پشاورکے دیہاتی علاقے متھرا بی ایچ یو ورسک روڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور اسلام زیب ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، اسسٹنٹ کمشنر محمد مغیث ثنا ء للہ،علاقہ مجسٹریٹ اصلاح الدین اور عرفان علی، ایس پی سیکیورٹی صاحبزادہ محمد سجاد، ایس پی ٹریفک امیر محمد خان، ٹائون ٹو ناظم ارباب فرید اللہ خان ، ڈی سی رضا کار فورس کے اراکین اور ماتحت محکموں کے افسران سمیت عوامی نمائندگان اور علاقہ مشران نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

اس موقع پر لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کے سامنے مسائل کے انبارلگادئیے ۔ لوگو ںنے کہا کہ ورسک روڈ پر بڑی تعداد میں پرائیویٹ سکولوں میں پارکنگ نہیں ہے جس کی وجہ سے صبح اور سکولوں کی چھٹی کے اوقات طلباء وطالبات کوشدیدمشکلات درپیش ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مطالبہ کیا کہ سکولوں کو دیگر علاقوں میں منتقل کیا جائے یا ان کو پابند کیا جائے کہ وہ سکولوں کے اندر پارکنگ کی سہولت دیں۔

کھلی کچہر ی میں درخواست کی گئی کہ متھرا بی ایچ یو میں فیملی سٹاف کو مقرر کیا جائے، ہیلتھ یونٹس میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے اور غیر حا ضر ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ تھانوں میں پولیس کی نفری کم ہے جس کی وجہ سے جرائم پر قابو پانا مشکل ہے ۔کھلی کچہر ی میں عوام نے شکایت کی کہ اکثر علاقوں میں بجلی کی تاریں لٹکی ہوئیں ہیں اور لوڈ شیڈنگ بھی بہت زیادہ ہے اس کے لیے تاروں کو تبدیل کیا جائے اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔

اور پینے کے پانی کے بوسیدہ پائپوں کو تبدیل کیا جائے جبکہ ورسک روڈ سے ملحقہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ان کو مرمت کیا جائے۔ عوام نے شکایت کی کہ ورسک روڈ پر ماربل فیکٹریوں سے کیمیکل اور دیگر مواد نالیو ں سے نہروں میں گر رہا ہے جس کی وجہ سے نہریں بند ہو رہی ہے اور آبپاشی کے لیے پانی کم ہو رہا ہے جس کے لیے ان ماربل فیکٹریوں کو پابند کیا جائے کہ وہ فیکٹریوں کے اندر آلودہ پانی کو فلٹر کریں ۔

انھوں نے کہا کہ متھرا بازار میں غیر قانونی کلینکس میں غیر رجسٹر سٹاف کام کر رہے ہیں ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ کھلی کچہر ی میں مطالبہ کیا گیا کہ متھرا میں کھیلوں کے گرائونڈ کی منظوری دی جائے اور علاقے میں غیر قانونی چپس اور پاپڑ فیکٹریوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈپٹی کمشنرنے لوگوں کے مسائل غورسے سنے اورانہیں ترجیحی طور پر حل کرنے کے یقین دہانی کرائی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ انھوں نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے کہا کہ وہ اپنی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے کھلی کچہری کے انعقا د پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔