ایوان بالا نے انضباط پیداوار،ترسیل اور تقسیم بجلی (ترمیمی) بل 2017ء کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی

جمعہ 23 فروری 2018 13:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) ایوان بالا نے انضباط پیداوار،ترسیل اور تقسیم بجلی (ترمیمی) بل 2017ء کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے تحریک پیش کی کہ قانون انضباط پیداوار، ترسیل اور تقسیم بجلی 1997ء میں مزید ترمیم کے بل انضباط پیداوار، ترسیل اور تقسیم بجلی (ترمیمی) بل 2017ء قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لایا جائے۔

ایوان بالا نے تحریک کی منظوری دیدی جس کے بعد انہوں نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ چیئرمین سینٹ نے بل ایوان میں شق وار منظوری کے لئے پیش کیا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بل پر اعتراض کیا اور بعض شقوں میں ترمیم پیش کی۔ چیئرمین سینٹ نے زیر غور بل پر حکومت اور اپوزیشن کو مفاہمت کے لئے 10 منٹ کا وقت دیا اور بل پر کارروائی روک دی تاکہ حکومت اور اپوزیشن کسی نتیجے پر پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

اس دوران چیئرمین سینٹ نے ارکان کو عوامی اہمیت کے معاملے پر بات کرنے کی اجازت دی۔ 10 منٹ بعد بل پر کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور وزیر بجلی سردار اویس لغاری نے چیئرمین سینٹ کو بل پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ حکومت سینیٹر مانڈوی والا کی طرف شق 5 میں ترمیم پر آمادہ ہے جس پر چیئرمین نے بل پر شق وار منظوری کا عمل دوبارہ شروع کر دیا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے شق 5 میں ترمیم پیش کی جس کی ایوان نے اتفاق رائے سے منظوری دیدی جبکہ شق 10 سمیت بعض شقوں میں ترامیم انہوں نے واپس لے لیں۔ چیئرمین سینٹ نے بل کی شق وار منظوری کے حاصل کرنے کے بعد حتمی منظوری کے لئے بل ایوان میں پیش کیا۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دیدی۔

متعلقہ عنوان :