نوازشریف کو پارٹی صدارت سے نا اہل کیا جاسکتا ہے ،ْ

عوام کے دلو ں سے نہیں نکالا جاسکتا ،ْ مصدق ملک محمد نوازشریف کے خلاف حالیہ عدالتی فیصلے پر مشاورت کی جائے گی، دانیال عزیز

جمعہ 23 فروری 2018 13:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ لوگوں کے دلوں سے محمد نواز شریف کی مقبولیت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو پارٹی صدارت سے تو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے لیکن عوام کے دماغ اور دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوامی عدالت میں گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک بھر میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب بھی کیا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت جمہوری عمل کے ذریعے ملک کو چلانا چاہتی ہے اور ہر میدان میں سنگ میل کے حصول کے لیے آئینی طریقوں سے ملک کو چلانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ محمد نوازشریف کے خلاف حالیہ عدالتی فیصلے پر مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو کرپشن کے الزامات پر نہیں بلکہ ایک اقامے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کو کم کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام ہوں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف کی موثروکارآمد پالیسیوں کی بدولت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے لودھراں اور چکوال کے ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔