بچوں کے لیے اونٹنی کے دودھ کا بے بی فارمولہ مارکیٹ میں آ گیا

دودھ کا یہ پاؤڈر ان بچوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جنہیں گائے کے دودھ سے الرجی ہے،اماراتی کمپنی

جمعہ 23 فروری 2018 13:23

بچوں کے لیے اونٹنی کے دودھ کا بے بی فارمولہ مارکیٹ میں آ گیا
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) متحدہ عرب امارات کی ایک کمپنی نے بچوں کے لیے اونٹنی کے دودھ سے تیار کردہ دنیا کا پہلا بے بی فارمولہ متعارف کرادیا۔دودھ کا یہ پاؤڈر ان بچوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جنہیں گائے کے دودھ سے الرجی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایک کمپنی کیمل ملک اینڈ پراڈکٹس نے اپنا یہ نیا برانڈ اس ماہ دبئی میں ہونے والی خوراک سے متعلق بین الاقوامی میلے گلف فوڈ 2018 میں متعارف کرایا۔

یہ نمائش 18 سے 22 فروری تک دبئی میں جاری رہی۔کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ خشک دودھ ایک سے تین سال کی عمر کے بچوں کے لیے مفید ہے اور یہ ان بچوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جنہیں گائے کے دودھ سے الرجی ہے۔خلیج کے علاقے میں آباد بد صدیوں سے اونٹنی کا دودھ اپنی بنیادی خوراک کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اونٹنی کے دودھ کے متعلق یہ کہا جاتا ہے کہ وہ وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے۔

آج کے جدید دور میں بھی اونٹنی کا دودھ بدؤں کی روزمرہ خوراک میں شامل ہے۔خلیجی ریاستوں میں حالیہ برسوں کے دوران اونٹنی کے دودھ اور گوشت کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور کھانے پینے کی چیزوں میں ان کا استعمال بڑھ رہا ہے۔بچوں کے لیے اونٹنی کے دودھ سے تیار کردہ پاؤڈر ملک متعارف کرائے جانے سے پہلے، اونٹ کے گوشت کے برگر، سلائس اور پارچے اور اونٹنی کے دودھ کی چاکلیٹ کئی برسوں سے فروخت کی جا رہی ہے۔

کمپنی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کا بے بی فارمولہ، اونٹنی کے دودھ سے تیار کیا جانے والا دنیا کا پہلا پاؤڈر ملک ہے۔کمپنی کے جنرل منیجر سعید جمعہ بن صبح نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں اونٹنی کا دودھ عرب اور اسلامی ثفافت کی ایک لازمی حصہ ہے۔ ہمارا یہ پراڈکٹ متحدہ عرب امارات کی ان اقدار اور روایات کا حصہ ہے جو صدیوں سے ایک سے دوسری نسل کو منتقل ہو رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :