جاوید شیخ کی حرکت کو غلط رنگ نہ دیا جائے ‘ماہرہ خان

چیزوں پر رائے دینا اچھی بات ہے مگر ہر بات کو خبر بنانے کیلئے استعمال نہ کیا جائے ‘اداکارہ

جمعہ 23 فروری 2018 11:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب کے دوران جاوید شیخ کی ماہرہ خان کے گال پر بوسہ لینے کی کوشش پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر ماہرہ خان خاموش نہ رہ سکیں۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں سجنے والی لکس اسٹائل ایوارڈ کی رنگارنگ تقریب میں جہاں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والیمتعدد اداکاروں کو بہترین کارکردگی دکھانے پرایوارڈ سے نوازا گیا وہیں جاوید شیخ اور ماہرہ خان کے درمیان ہونے والے واقعے نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔

تقریب کے دوران ماہرہ خان کو فلم ’’ورنہ‘‘کیلئے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، انہیں یہ ایوارڈ اداکارہ ماورہ حسین اور جاوید شیخ نے دیا، تاہم ماہرہ جب اسٹیج پراپنا ایوارڈ وصول کرنے پہنچیں توپہلے ماورا حسین کے گلے ملیں اور ان کے گال پر پیار کیا، بعد ازاں جاوید شیخ سے گلے ملیں، جاوید شیخ نے بھی ماورا کی طرح ان کے گال پر پیار کرنے کی کوشش کی لیکن ماہرہ انہیں نظر انداز کرکے آگے بڑھ گئیں اور ماورا سے ایوارڈ وصول کیا۔

(جاری ہے)

تاہم یہ منظر کیمرے کی آنکھ سے محفوظ نہ رہ سکا اور اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا صارفین نے جاوید شیخ کی اس حرکت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر خوب تنقید کی، کسی نے کہا جاوید شیخ شاید ماہرہ کے کان میں کچھ کہنا چاہ رہے تھے، کسی نے کہا جاوید شیخ کی اس حرکت سے رنبیر کپور کو دھچکا پہنچے گا،جب کہ کچھ لوگوں نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ جاوید شیخ پر جنسی ہراسانی کا کیس ہونا چاہئے۔

تنقید جب حد سے بڑھ گئی تو ماہرہ خان کو میدان میں آنا ہی پڑا، انہوں نے جاوید شیخ پر تنقید کرنے والوں کو کہا میرے آس پاس کچھ ایسی خبریں گردش کررہی ہیں جن کا کوئی مطلب نہیں، چیزوں سے باخبر رہنا اور ان پر اپنی رائے دینا بہت اچھی بات ہے لیکن خدا کیلئے ہر چیز کو خبر بنانے کیلئے استعمال مت کریں۔ جاوید شیخ ہماری انڈسٹری میں لیجنڈ کی حیثیت رکھتے ہیں وہ ہم سب کے استاد ہیں اور میں ہمیشہ ان کی ضمانت دوں گی۔