احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 23 فروری 2018 11:20

احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 فروری۔2018ء) احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔گزشتہ روزنیب کے ایک غیر ملکی گواہ نے بیان ریکارڈ کرادیاجبکہ ایک اورغیرملکی گواہ آج بیان ریکارڈ کرائے گا۔

ریڈلے فرانزک ڈاکیومنٹ لیبارٹری کے سربراہ رابرٹ ریڈلے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ فلیٹس کی ٹرسٹ ڈیڈ کی تاریخ میں تبدیلی پائی گئی،جس میں سال 2004کو تبدیل کر کے سال 2006کیا گیا تھا۔ٹرسٹ ڈیڈ میں کمپیوٹر تحریر کا کیلیبری فونٹ استعمال ہوا،کمپیوٹر ونڈوز میں یہ فونٹ 31 جنوری 2007 کو استعمال میں آیا۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی خواجہ حارث نے کیلیبری فونٹ کے بیٹا ورژن کا نکتہ اٹھایا،جس پر گواہ نے تسلیم کیا کہ کیلیبری بیٹا ورژن 2005 میں بن چکا تھا لیکن اس کا استعمال آئی ٹی ماہرین تک ہی محدود تھا۔رابرٹ ریڈلی نے بتایا کہ وہ فرانزک ہینڈ رائٹنگ ایکسپرٹ ہے اور کوئسٹ سالیسٹر نے 30 جون 2017 کو دو ڈیکلیریشن کا موازنہ کرنے کا کہا جس پر میں نے نیلسن اور نیسکول کے دونوں ڈیکلیریشن پر تاریخوں کی تبدیلی کا موازنہ بھی کیا، دونوں ڈیکلیریشن میں دوسرا اور تیسرا صفحہ الگ سے بنایا گیا۔

رابرٹ ریڈلے نے بتایا کہ دوسرے اور تیسرے صفحہ پر موجود تاریخوں میں تبدیلی کی گئی اور 2004 کو تبدیل کرکے 2006 بنایا گیا، اس کے علاوہ دونوں صفحات میں دستخط بھی مختلف تھے، یہ ناممکن تھا کہ بتایا جائے کہ کون سا صفحہ اصل ہے لیکن دستاویزات پر 2 کے بجائے 4 اسٹیپلر پن کے سوراخ تھے، ظاہری طور پر ایسا لگتا ہے کاغذات تبدیل کرنے کے لیے کارنر پیس کھولا گیا۔

دستاویزات میں فونٹ کے حوالے سے رابرٹ ریڈلی نے بتایا کہ میں نے دستاویزات کے ٹائپنگ فونٹ کا بھی جائزہ لیا، ڈیکلیریشن کی تیاری میں کیلبری فونٹ ڈیفالٹ ٹائپنگ استعمال کیا گیا حالانکہ کیلبری فونٹ 31 جنوری 2007 تک کمرشل بنیادوں پر موجود نہیں تھا، یہ ابتدائی طور پر وزٹا ونڈوز میں استعمال ہوا۔ اس لئے یہ ڈیکلیریشن 31 جنوری 2007 سے پہلے کمرشل طور پر تیار نہیں ہو سکتے تھے۔

متعلقہ عنوان :