آج ایک ایک دوسرے پائپ لائن کا افتتاح ہو ر ہا ہے، منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر ترکمانستان کے صدر کا کردار لائق تحسین ہے‘ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کی وجہ سے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترکمانستان کے صدر قربان گلی بردی محمدوف سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 23 فروری 2018 00:50

میری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ایک تاریخی دن ہے جب ایک دوسرے پائپ لائن کا افتتاح ہو ر ہا ہے، منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر ترکمانستان کے صدر کا کردار لائق تحسین ہے‘ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کی وجہ سے ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان۔بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے۔

ترکمانستان کے صدر کی دعوت پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تاپی گیس پائپ لائن اور متعلقہ منصوبوں کی تقریبات میں شرکت کیلئے ترکمانستان کے شہر میری میں ہیں۔ میری آمد پر شاہد خاقان عباسی نے روہیت محل میں ترکمانستان کے صدر قربان گلی بردی محمدوف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعاون، توانائی ، تجارت اور ٹرانزٹ کوریڈور کی حیثیت سے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور علاقائی سیکورٹی کے معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر مفید بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ترکمانستان کے صدر نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وفد کے دیگر ارکان کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا۔ ترکمانستان سے بجلی کی خریداری کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ ترکمانستان کو سمندر کیلئے سب سے موثر رسائی میسر کرے گا۔ وزیراعظم نے ترکمانستان کے صدر کو موٹرویز سمیت پاکستان بھر میں روڈ نیٹ ورک میں کامیاب توسیع کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نیٹ ورک مغربی چین اور علاقائی ممالک کے ساتھ پاکستان کو منسلک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو خطے میں رابطوں کا مرکز دیکھنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ اینیشیٹیو کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین تجارت بالخصوص لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔

پاکستان ترکمانستان مشترکہ حکومتی کمیشن دونوں ملکوں کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایک مثالی فورم ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور ترکمانستان کو دفاعی ضروریات پوری کرنے کی پیشکش کی۔ اس موقع پر ترکمانستان کے صدر قربان گلی بردی محمدوف نے تاپی منصوبے کی افتتاحی تقریب اور لنک آف منصوبوں میں شرکت کیلئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ترکمانستان کے صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان پاکستان تعلقات توانائی اور سیکورٹی کے دو ستونوں کی بنیاد پر استوار ہیں اور تاپی فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریل، روڈ ، آئی ٹی اور فائبر آپٹیک بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ رابطوں کے حوالے سے انہوں نے گوادر پورٹ منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

ترکمانستان کے صدر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان تاپی گیس منصوبے سے بھرپور استفادہ کرے گا۔ جب تاپی پاکستان پہنچے گا تو پاکستان کی صنعت مزید ترقی کرے گی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین تعلیم، سائنس، صحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے پرزور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین ثقافت اور ہیومینٹیرین تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔مملکتی وزیر برائے پٹرولیم جام کمال خان‘ صوبائی وزیر لیبر اینڈ ایچ آر اشفاق سرور‘ ترکمانستان میں پاکستانی سفیر مراد اشرف جنجوعہ اور دیگر اعلی افسران وزیراعظم کے وفد میں شامل تھے۔