چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈنے دو ہزار لٹر غیر معیاری اور مضر صحت دودھ تلف کر دیا

سوڈیم کلورائٹ اور ویجیٹیبل آئل ملا دودھ جہلم ، سردگوھا اور جھنگ سے راولپنڈی لایا جا رہا تھا

جمعہ 23 فروری 2018 00:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈنے دو ہزار لٹر غیر معیاری اور مضر صحت دودھ تلف کر دیا ۔ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ فوڈ کے انچارج یاسر اقبال نے اے پی پی کو بتایاکہ شعبہ فوڈ نے غیر معیاری اور مضر صحت دودھ کی اطلاع پر جہلم روڈ پر بڑی کارروائی کی اور غیرمعیاری دودھ کی تین گاڑیاں پکڑلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ دودھ کا معیار جاننے کیلئے جب حاصل کئے گئے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا تو دودھ میں سوڈیم کلورائٹ اور ویجیٹیبل آئل شامل ہونے کی نشاندہی ہوئی جس سے دودھ کو گاڑھا کیا گیا تھااور فیٹ(چکناہٹ) کی مقدار بھی سات پوئنٹ سے زیادہ پائی گئی۔ قبضے میں لیا گیا بعدازاں تلف کر دیا گیا ۔ یاسر اقبال نے اے پی پی کو بتایا کہ گاڑیاں جہلم ، سردگوھا اور جھنگ سے دودھ راولپنڈی شہر میں فروخت کیلئے لیکر آرہی تھی۔دودھ کی ترسیل کیلئے استعمال کئے جانے والے ممنوعہ ڈرم اور دستاویزات بھی قبضے میں لے لئے گئے ۔