پاکستان سپر لیگ کا دھماکہ خیز آغاز، افتتاحی میچ میں ہی ٹورنامنٹ کا پہلا بڑا اپ سیٹ

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 فروری 2018 01:16

پاکستان سپر لیگ کا دھماکہ خیز آغاز، افتتاحی میچ میں ہی ٹورنامنٹ کا ..
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22فروری2018ئ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو 6وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کی پہلی فتح اپنے نام کرلی ہے ۔دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے کپتان ڈیرن سیمی کی جارحانہ بیٹنگ اور حفیظ کی نصف سنچری کی بدولت ملتان سلطانز کو فتح کیلئے 152 رنز کا ہدف دیا ۔پشاور زلمی کی طرح ملتان سلطان کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ ہوا اور دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے وہاب ریاض کی وکٹ بن گئے۔

کمار سنگاکارا اور صہیب مقصود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن صہیب غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں محمد اصغر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 21 رنز بنائے۔کمار سنگاکارا کا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، عظیم سری لنکن بلے باز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 51 گیندوں پر 57 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی وکٹ بنے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے با آسانی ملتان سلطان کو پاکستان سپر لیگ میں اس کے پہلے ہی میچ میں کامیابی دلا دی ۔ملک 42اور پولارڈ 21رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔ پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 2جبکہ محمد اصغر نے ایک وکٹ لی ۔اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں گزشتہ ایونٹ کے کامیاب ترین بلے باز کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

تمیم اقبال نے محمد عرفان کو لگاتار دو چوکے لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنےکی کوشش کی لیکن اگلی ہی گیند پر جنید خان کے عمدہ کیچ نے انکی اننگز کا خاتمہ کردیا۔دوسری وکٹ گرنے کے بعد محمد حفیظ نے ڈوین سمتھ کےساتھ مل کر ٹیم کا سکور آگے بڑھانےکی کوشش کی تاہم 57 کے مجموعی سکور پر سمتھ 3 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر عمران طاہر کا شکار بنے۔

پشاور زلمی نے 15 ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کی اور اختتامی اوورز میں تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں حارث سہیل، ولجوئین کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔محمد حفیظ بھی اپنے کیریئر کی28ویں ٹونٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد جنید خان کو وکٹ دیکر پوویلین لوٹ گئے۔پشاور کے کپتان ڈیرن سیمی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11گیندوں پر 29رنز بنا کر ٹیم کا سکور 150تک پہنچانے میں اہم کردارادا کیا ،وہ آخری اوور کی5ویں بال پر سہیل تنویر کی وکٹ بنے اور پشاور زلمی نے مقررہ 20اوورز میں6وکٹوں پر 151رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کیلئے محمد عرفان نے 2جبکہ سہیل تنویر ، عمران طاہر ، ولجوئین اور جنید خان نے 1، 1 وکٹ لی۔اس سے قبل پی ایس ایل 2018 ءکے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر وکٹ پر موجود گھاس کو دیکھتے ہوئے پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا۔شعیب ملک نے کہا کہ یہ ہمارا پی ایس میں پہلا میچ ہے لیکن ہم پیشہ ورانہ کرکٹر ہیں اس لیے جلد ایڈجسٹ کر لیں گے۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم بھی پہلے باﺅلنگ کرتے لیکن ہم بیٹنگ کیلئے مکمل تیار ہیں اور پہلے چھ اوورز میں کنڈیشنز کا جائزہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :