سکھر ڈرائی پورٹ کے قیام اور اراکینِ ایوان کی برآمدی تجارت بڑھنے سے معاشی ترقی حاصل ہوگی، صدر چیمبر آف کامرس

جمعرات 22 فروری 2018 23:30

سکھر۔22فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے صدر انجینئر عبدالفتاح شیخ نے سیکریٹری TDAP انعام اللہ دھاریجو سے کراچی ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دورانِ ملاقات صدرِ ایوان نے کہا کہ روایتی اور غیر روایتی پراڈکٹس برآمدات کیلئے نئی منڈیوں کا جائزہ لینے کیلئے TDAPایوان کے اراکین پر مشتمل وفود بیرونِ ملک بھجوائے۔

اس وقت بھی اراکینِ ایوان برآمدی تجارت سے منسلک ہیں اور وطنِ عزیز کیلئے قیمتی غیر ملکی زرِ مبادلہ کما رہے ہیں ۔ سیکرٹری TDAP نے صدرِ ایوان کی تجویز کو سراہا اور اس سلسلے میں ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ سکھر ڈرائی پورٹ کے قیام کیلئے ایوان کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے TDAP کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں سے رابطہ اور معاونت فراہم کرنے کی بھرپور یقین دہانی کروائی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سکھر ڈرائی پورٹ کیلئے پاکستان ریلویز پہلے ہی آرائیں ریلوے اسٹیشن کو موزوں ترین قرار دے چکا ہے جس پر مزید پیشرفت ہونا باقی ہے۔ ایوان کی کاوشوں سے سکھر ڈرائی پورٹ کا قیام ریجن کی معاشی ترقی میں انقلاب برپا کردے گا اور مقامی افرادی قوت کو روزگار کے وافر مواقع حاصل ہونگے جس سے یہاں کے لوگوں کا معیارِ زندگی بڑھنے کے ساتھ ساتھ کاروباربھی وسعت اختیار کریں گے۔ملاقات میں اراکینِ ایوان عبدالمالک گندھک والا اور جاوید علی شیخ بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :