شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں سالِ آخر کے طلبہ و طالبات کیلئے اوپن ہائوس پوسٹر سیشن کا انعقاد

جمعرات 22 فروری 2018 23:30

سکھر۔22فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں بی ایس (کمپیوٹر سائنس) اور بی ایس (انفارمیشن ٹیکنالاجی) کے سالِ آخر کے طلبہ و طالبات کیلئے اوپن ہائوس پوسٹر سیشن منعقد کیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر شعبے کے طلبہ و طالبات نے اپنے پروجیکٹس بنائے۔ 50سے زائد پروجیکٹس پیش کیئے گئے۔

اوپن ہائوس پوسٹر سیشن میں شرکاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور طلبہ و طالبات کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر ڈین فیکلٹی آف فزیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ، پروفیسر ڈاکٹر غلام علی ملاح سربراہ شعبہ کمپیوٹر سائنس ، ڈاکٹر جاوید مہر، ڈاکٹر ثمینہ راجپر، ڈاکٹر ہدایت اللہ شیخ، ڈاکٹر ریاض شیخ، ڈاکٹر رفاقت آرائیں و دیگر اساتذہ نے پروجیکٹس کا معائنہ کیا اور طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات نے پیشہ وارانہ کام سرانجام دیا ہے ۔ امید ہے کہ طلبہ ان پروجیکٹس کو مستقبل میں بروئے کار لاکر ملک کی ترقی کا باعث بنیں گے۔ ڈاکٹر غلام علی ملاح نے پروجیکٹس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے مقابلوں سے طلبہ و طالبات کی صلاحیات میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے شعبے میں ٹیکنالاجی انکیوبیشن سینٹر کھولنے کا اعلان کیا جس کیلئے آئی کرئیٹو میٹس گروپ سافٹ وئیر سالوشن کراچی سے یادداشت کے معاہدے پر بھی دستخط کیئے جاچکے ہیں۔