چیئرمین نیب کی ہدایات پر کراچی میں دوسری کھلی کچہری

مختلف سرکاری محکموں کی خردبرد سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں‘ ڈی جی نیب محمد الطاف باوانی

جمعرات 22 فروری 2018 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) چیئرمین نیب کی ہدایات پر نیب دفتر کراچی میں دوسری کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈی جی نیب محمد الطاف باوانی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے نیب کے دائرہ اختیار میں آنے والی کرپشن کے متعلق شکایتیں سنیں اور درخواستیں وصول کیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دوسری کھلی کچہری میں عوام نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سرکاری محکموں میں خوردبرد سے متعلق شکایات اور اپنی تحریری درخواستیں جمع کروائیں جبکہ آج عوام نے دوسری کھلی کچہری میں نیب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈی اے اور کے ایم سی اداروں کے خلاف شکایات جمع کروائیں۔

دوسری جانب محکمہ ایریگیشن و لوکل ڈپارٹمنٹ سندھ کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹیوں اور اندرون سندھ میں ترقیاتی اسکیمون میں خوردبرد کی شکایتیں بھی بڑی تعداد میں موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی نیب کراچی نے نیب قوانین 1999 ء کے تحت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو کاروائی کے لئے ہدایات جاری کیں جبکہ آنے والے لوگوں نے سرکاری محکموں میں زیر التوا معاملات کی شکایتیں بھی رجسٹر کروائیں۔

اس موقع پر ڈی جی نیب کراچی محمد الطاف باوانی نے کرپشن کے متعلق اپنا قومی فریضہ ادا کرنے میں کردار ادا کرنے اور نیب پر اعتماد کرکے دوردراز سے آنے والے لوگون کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دہانی کرواتے ہوئِے کہا کہ ان کی موصول شکایات پر قانون کے تحت فوری اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے جس کے متعلق انہیں باقاعدہ طور پر آگاہی دی جائے گی، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بدعنوانی کے متعلق ہر ماہ کی آخری جمعرات کو منعقد ہونے والی اس کھلی کچہری مین دھوکہ دہی اور کرپشن سے متعلق اپنی شکایتیں رجسٹرڈ کرواکر ملک کی ترقی اور استحکام میں ہمارا ساتھ دیں جبکہ کسی مجبوری کی بنا پر کھلی کچہری میں شرکت نہ کر سکنے پر عوام اپنی شکایات شواہد کے ساتھ ای میل ایڈریس اور بذریعہ ٹیلیفون نمبرز پر بھی ارسال اور رجسٹر کرواسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :