یکم اپریل سے قبل کپاس کاشت کرنے پرپابندی عائد‘ دفعہ144نافذ

جمعرات 22 فروری 2018 23:11

ڈی جی خان۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) حکومت پنجاب نے یکم اپریل سے قبل کپاس کاشت کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144نافذ کر دی ہے خلاف ورزی پر فصل ہل چلا کر تلف کر دی جائے گی۔ پابندی کا مقصد فصل کو گلابی سنڈی کے ممکنہ نقصانات سے بچانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازیخان مہر عابد حسین نے بتایاکہ کپاس کی اگیتی کاشتہ فصل پر گلابی سنڈی کا حملہ بڑھ جاتا ہے اور فصل سنڈی کیلئے خوراک اور افزائش کا کام دیتی ہے جس کے تدارک کیلئے زہر کا استعمال کیا جاتا ہے اس سے کسان پر مالی بوجھ بڑھنے کے ساتھ ملک کا زرمبادلہ ضائع ہوتا ہے اور زہر کااستعمال فضائی آلودگی میں اضافہ اور انسانی صحت کیلئے مضر ثابت ہوتاہے ․ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے ٹرائیبل ایریا میں سبزیوں کی کاشت کا معائنہ کیا اور سبزیوں اور پھلوں کی کاشت کے حوالے سے کسانوں کو مفید مشورے دیئے ۔