سی پی این ای کا وفاقی اور سندھ حکومت سے سرکاری اشتہارات کی مد میں اخبارات کو بقایاجات کی فی الفور اور اشتہاری ایجنسیوں کو فوری ادائیگیوں کا پابند بنانے کا مطالبہ

جمعرات 22 فروری 2018 23:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2018ء) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے حکومت پاکستان اور سندھ حکومت سے سرکاری اشتہارات کی مد میں اخبارات کو بقایاجات کی فی الفور اور اشتہاری ایجنسیوں کو فوری اور بغیر تعطل کے ادائیگیوں کا پابند بنانے کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔یہ مطالبہ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد کی سربراہی میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سرکاری اشتہارات کی مد میں اخبارات کو بقایاجات کی عدم ادائیگیوںپر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سی پی این ای کا مؤقف ہے کہ اشتہارات کے بقایاجات کی مسلسل عدم ادائیگیوںکے باعث پہلے سے شدید مالی مشکلات کے شکار اخباری ادارے بند ہونے کی دہلیز پر پہنچ چکے ہیں، جبکہ پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والے صحافی و دیگر عملہ تنخواہوں اور اجرتوں میں تاخیر کے سبب فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سندھ کمیٹی کے تمام فیصلوں کی بھرپور تائید کرتے ہوئے سندھ کمیٹی کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ کرپشن زدہ، بدعنوان اور اخبارات و جرائد کی نادہندہ اشتہاری ایجنسیوںکو بلیک لسٹ کرتے ہوئے اخبارات و جرائد کے اربوں روپے کے بقایاجات کی وصولی کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے۔

اجلاس میں سی پی این ای کے 60 سال مکمل ہونے پر 2018ء کو 60 ویں سالگرہ کے طور پر منانے اور خصوصی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخواہ حکومت کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے اخبارات کے ڈیکلیریشن کی منسوخی، فیسوںمیں کمی، میڈیا ایکٹ 2013ء میںآزادی صحافت سے متضاد شقوں کو ختم کرنے سمیت دیگر مسائل جلد حل کرنے کے ضمن میں خیبرپختونخواہ کمیٹی کی کوششوں کو سراہاگیا۔

اجلاس میں چند بلیک میلروں کی جانب سے سی پی این ای کو توڑنے کی مذموم عزائم کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سی پی این ای اراکین کے مابین مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور سی پی این ای کی جانب سے پرنٹ میڈیا کی تمام تنظیموں کے لئے متفقہ ضابطہ اخلاق کی تیاری اور مکمل عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں تنظیمی امور پر بھی سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے سی پی این ای کے سینئر رکن ممتاز صحافی روزنامہ بلوچستان ایکسپریس کے چیف ایڈیٹر صدیق بلوچ (مرحوم) کی صحافتی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سی پی این ای سیکریٹریٹ میں قائم ہال کو صدیق بلوچ (مرحوم) کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

دوران اجلاس پرنسپل انفارمیشن آفیسر پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ وزارت اطلاعات و نشریات حکومت پاکستان محمد سلیم بیگ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے سی پی این ای کی آزادی اظہار، آزادی صحافت، رائٹ ٹو انفارمیشن اور صحافیوں اور اخباری اداروں کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور جدوجہد کو سراہتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان صحافیوں، مدیران اور اخبارات کے مسائل بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اور اخبارات کے اے بی سی، سرکاری اشتہارات کی عدم ادائیگیوں، صحافیوں اور میڈیا کارکنان کے تحفظ سمیت تمام مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

اجلاس میں سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد، سینئر نائب صدرشاہین قریشی، سیکریٹری جنرل اعجازالحق، نائب صدور عامر محمود، رحمت علی رازی، مہتاب خان، انور ساجدی، طاہر فاروق، سینئر اراکین وامق زبیری، ڈاکٹر جبار خٹک، اکرام مجید سہگل، قاضی اسد عابد، مشتاق احمد قریشی، غلام نبی چانڈیو، کاظم خان، سید ممتاز شاہ، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی، عرفان اطہر، عارف بلوچ، وسیم احمد، مظفر اعجاز، اسلم خان، تنویر شوکت، بشیر احمد میمن، خلیل الرحمان، سہیل چوہدری، میاں ابرار حسین، سجاد عباسی، ساجد نذیر، نوید شیخ اور عبدالودود قریشی سمیت مقامی اخبارات کے مدیران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :