محمد نواز شریف کو پارٹی صدر کے عہدے سے ہٹانے کا کل کا فیصلہ بنیادی حقوق کی نفی اور پانامہ فیصلہ کی ایک اور کڑی ہے

،کمزور فیصلوں کا دفاع کرنے کے لئے کمزور فیصلے ہی لکھنا پڑتے ہیں ، جو فیصلے آئے وہ پہلے ہی سے متوقع تھے، کوئی ایسی آئینی تشریح بھی ڈھونڈیں جس سے نوازشریف کے ووٹرز اور ان کے چاہنے والوں کو نااہل کیا جاسکے، اس طرح کے فیصلوں سے محمد نواز شریف کی عوامی مقبولیت بڑھ گئی ہے، (ن )لیگ کا اگلا صدر کون ہو گا، فیصلہ محمد نوازشریف اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے ہوگا وزیر مملکت اطلاعات و نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 22 فروری 2018 23:03

محمد نواز شریف کو پارٹی صدر کے عہدے سے ہٹانے کا کل کا فیصلہ بنیادی حقوق ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کو پارٹی صدر کے عہدے سے ہٹانے کا کل کا فیصلہ بنیادی حقوق کی نفی اور پانامہ فیصلہ کی ایک اور کڑی ہے ،کمزور فیصلوں کا دفاع کرنے کے لئے کمزور فیصلے ہی لکھنا پڑتے ہیں ، جو فیصلے آئے وہ پہلے ہی سے متوقع تھے، کوئی ایسی آئینی تشریح بھی ڈھونڈیں جس سے نوازشریف کے ووٹرز اور ان کے چاہنے والوں کو نااہل کیا جاسکے، اس طرح کے فیصلوں سے محمد نواز شریف کی عوامی مقبولیت بڑھ گئی ہے، (ن )لیگ کا اگلا صدر کون ہو گا، فیصلہ محمد نوازشریف اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے ہوگا۔

جمعرات کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک کے بعد ایک فیصلہ سنایاجا رہا ہے اور ہمارے مخالفین بھی کہتے ہیں کہ پاناما کیس کا فیصلہ ایک کمزور فیصلہ تھا، ان کمزور فیصلوں کا دفاع کرنے کے لئے کمزور فیصلے ہی لکھنا پڑتے ہیں اور جو فیصلے آئے وہ پہلے ہی سے متوقع تھے۔

(جاری ہے)

اس سوال پرکہ سپریم کورٹ کی جانب سے محمد نوزا شریف کو پارٹی صدرات کے لئے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد نئے پارٹی صدر کا حتمی فیصلہ کب تک کیا جائے گا، کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل پارٹی کی سینئر قیادت کی مشاورت سے طے ہوگا، اور اس حوالے سے فیصلے کا اعلان سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف پارٹی مشاورت کے بعد کریں گے۔