پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز، قومی ترانے کے ساتھ تقریب شروع ہوئی،

ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا، چاروں صوبوں کی زبانوں میں گیتوں کے ساتھ روایتی رقص، عابدہ پروین، علی ظفر، شہزاد رائے اور امریکی گلوکار جیسن نے پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے سماں باندھ دیا، آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ

جمعرات 22 فروری 2018 23:01

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز، ..
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہو گیا۔ صحرائے عرب میں منعقدہ تقریب روشنیوں میں نہا گئی، چاروں صوبوں کی زبانوں میں گیتوں کے ساتھ روایتی رقص پیش کیا گیا، ٹیموں کا مارچ پاسٹ ہوا، عابدہ پروین، علی ظفر، شہزاد رائے اور امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو نے پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے سماں باندھ دیا، اس کے علاوہ آتش بازی بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز دبئی میں ہو گیا، افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔ بعدازاں مختلف گرافکس نے میدان کا منظر ہی تبدیل کر دیا، ٹیموں کے مارچ پاسٹ کے دوران چاروں صوبوں کی زبانوں میں گیتوں کے ساتھ روایتی رقص پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سٹیج پر آ کر باضابطہ طور پر تیسرے ایڈیشن کا باقاعدہ اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس سے اس تقریب کو یادگار بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بھی یہ ایونٹ بہت خاص ہے، گزشتہ سال صرف فائنل پاکستان میں ہوا تھا، اس بار پلے آف میچز اور فائنل بھی پاکستان میں ہو گا۔ امید ہے کہ انٹرنیشنل سٹارز بھی پاکستان آ کر کھیلیں گے جس سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بڑے اسٹارز مختلف ٹیموں کا حصہ بنے ہیں اور شائقین کو خوب چوکے اور چھکے دیکھنے کو ملیں گے۔

ٹیموں کے مارچ پاسٹ کے بعد پاکستانی گلوکاروں عابدہ پروین، علی ظفر، شہزاد روئے اور امریکہ کے جیسن کی پرفارمنس پر شائقین جھومتے نظر آئے، آخر میں آتش بازی ہوئی تو میدان رنگ و روشنی میں نہا گیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری میں 6 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندر، کراچی کنگز، ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں، ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے اور ہر ٹیم دو مرتبہ آپس میں مدمقابل ہوں گی جبکہ ٹاپ فور ٹیمیں پلے آف تک رسائی حاصل کریں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 25 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :