Live Updates

نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن نے نئے صدر کا انتخاب کر لیا

شہبازشریف کو پارٹی صدر بنا ئے جانے کا امکان ،حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے، ن لیگ کے اجلاس میں نوازشریف پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار، انکے ساتھ کھڑا رہنے کی یقین دہانی کرائی گئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 22 فروری 2018 21:36

نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن نے نئے صدر کا انتخاب کر لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 فروری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے اہم اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کی اکثریت نے شہبازشریف کو پارٹی صدر بنانے کی تجویز دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میاں نوازشریف کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ مریم نواز، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، عابد شیر علی، دانیال عزیز، مصدق ملک، تہمینہ دولتانہ اور آصف کرمانی سمیت دیگر رہنماء شریک ہوئے جب کہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی پنجاب ہاؤس میں موجود تھی۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنان نے میاں نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کی اور ’وزیراعظم نوازشریف‘ کے نعرے لگائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کیس کے عدالتی فیصلے، پارٹی صدارت، سینیٹ الیکشن اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے میاں نوازشریف پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑا رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے اجلاس میں رہنماؤں کی اکثریت نے شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کی تجویز دی جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو پارٹی کا صدر بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں لیگی رہنماؤں کی اکثریت نے تجویز دی کہ شہبازشریف با اثر اور غیر متنازعہ شخصیت ہیں، شہبازشریف کوصدر بنانے سے اداروں میں کشیدگی میں بھی کمی آئے گی۔

ذرائع کے مطابق پارٹی صدارت کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے اور فیصلے کی مرکزی مجلس عاملہ سے توثیق کرائی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ (ن) لیگ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالا دستی سے متعلق قانون سازی پر بھی مشاورت کی جائے گی اور قانون سازی کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل کی جائے گی، پیپلزپارٹی سے رابطے کے لیے اتحادی جماعتوں کی خدمات لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس الیکشن کمیشن کو اس بات سے آگاہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے کہ سینیٹ امیدواروں کاانتخاب پارلیمانی بورڈ کرتاہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات