اقوام کی پہچان کیلئے مادری زبانوں کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے ،سیکریٹری ثقافت و سیاحت ظفرعلی بلیدی

جمعرات 22 فروری 2018 22:38

کوئٹہ۔ 22فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء)سیکریٹری ثقافت و سیاحت ظفرعلی بلیدی نے کہا ہے کہ دنیا گلوبل ویلج بن گئی ہے اور اقوام کی پہچان کیلئے مادری زبانوں کی اہمیت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے موجودہ صوبائی حکومت مادری زبانوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مادر زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے آرٹس کونسل میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں قائم پبلک لائبریری میں مقامی زبانوں میں شائع ہونے والی کتابیں ، اخبارات اور جرائد رکھنے کا بندوبست کیا جارہا ہے تاکہ نچلی سطح پر نوجوان نسل کومادری زبانوں کی جانب راغب کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ پبلک لائبریری میں مقامی زبانوں کی ترویج کیلئے علیحدہ کاؤنٹر قائم کیئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

آثار قدیمہ سے متعلق دستیاب مواد کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے تمام ڈیٹا اور معلومات کو ڈیجٹیلائز کیا جارہا ہے اور اس پروجیکٹ پرکام جاری ہے ۔

سیکریٹری ثقافت نے کہا کہ پہلی بار موجودہ حکومت صوبہ میں موجود سیاحتی اور آثار قدیمہ کے مقامات کو گوگل میپنگ کرنے جارہی ہے جس سے بلوچستان کے سیاحتی اور ثقافتی مقامات کو نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی جس سے صوبہ میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ مقامی فنکاروں ، گلوکاروںاور قلم کاروں کی فلاح و بہبود کیلئے انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے آئندہ بجٹ میں اس فنڈ میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ تقریب کے شرکاء سے بہرام بلوچ، پروفیسر سنگت رفیق و دیگر مقررین نے بھی مادری زبانوں کی اہمیت اور افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔