محکمہ صحت تمام سرکاری ہسپتالوں میں صبح 8بجے سے رات 8بجے تک نان اسٹاپ پیڈیاٹرک او پی ڈی شروع کرنے کیلئے پلان ترتیب دے، وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 22 فروری 2018 22:35

محکمہ صحت تمام سرکاری ہسپتالوں میں صبح 8بجے سے رات 8بجے تک نان اسٹاپ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں صبح 8بجے سے رات 8بجے تک نان اسٹاپ پیڈیاٹرک او پی ڈی شروع کرنے کے لیے پلان ترتیب دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں بچوں کے تحفظ اور صحت سے متعلق چائلڈ لائف فانڈیشن کے وفد سے ملاقات دوران کیا۔

اجلاس میں چائلڈ لائف فانڈیشن کی جانب سے پریزینٹیشن بھی دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت،چائلڈ لائف فانڈیشن تنظیم کے صدر ڈاکٹر احسن ربانی، چیف ایگزیکٹو مسٹر اقبال آدم جی ، چیئرمین ڈاکٹر نصیرالدین محمود، ٹرسٹی ڈاکٹر شاہد رضا، ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عرفان حبیب ، ڈائریکٹر کلینکل افیئرز مسٹر محسن علی، جنرل مینجر خزانہ ڈاکٹر حبہ عتیق اور ہیڈ آف ٹریننگ اینڈ ٹیلی میڈیسن موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بیماریوں سے بچاکر صحتمند صوبے کی تشکیل دینا ہے جسکے لیے ہر سطح پر ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ہر بچہ صحتمند ہو، مجھے بچوں کی صحت سے متعلق کافی فکر رہتی ہے۔ بچے امیر کے ہوں یا غریب کے انکی صحت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔چائلڈ لائف فائونڈیشن نے وزیرا علی سندھ کو بتایا کہ اپریل 2018 کے آخر تک کراچی میں تمام ٹیچنگ سرکاری ہسپتالوں میں علیحدہ سے چائلڈ ہیلتھ سروس کی سہولیات دستیاب ہوں گی اسی طرح کی یہ سہولیات لاڑکانہ کے شیخ زیدہسپتال، جام شورو، شہید بے نظیر آباد اور دیگر اضلاع میں بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بچوں کے لیے او پی ڈی صبح 8:00بجے سے دوپہر2:00بجے تک ہوتی ہے اور اس کے بعد بچوں کو ایمرجنسی میں چیک کیاجاتاہے۔ انہوں نے کہا میں چاہتا ہوں کہ بچوں کی او پی ڈی صبح 8:00بجے سے رات 8:00بجے تک ہو اور اس کے بعد بچوں کو ایمرجنسی میں لیا جائے۔انہوں نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ 6000نئے ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے ہیں لہذا ڈاکٹروں کی قلت کے معاملہ پر کسی حد تک قابو پالیاگیا ہے اب ہر ایک ضلعی ہیڈ کوارٹر حتی کہ تعلقہ ہسپتالوں میں جدید سہولتوں سے آراستہ بچوں کی صحت کی سہولیات قائم کی جائیں اور بچوں کی او پی ڈی نان اسٹاپ صبح 8بجے سے رات 8بجے تک ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ نجی شعبے کو شامل کرنے کو ترجیح دیں گے تاکہ معیاری سروس ،مینجمنٹ اور نان اسٹاپ او پی ڈی کی سروس کو یقینی بنایاجاسکے۔وزیر اعلی سندھ نے محکمہ صحت کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ تاریخ ، وقت اور نام کے حساب سے او پی ڈی کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ایک سافٹ ویئر تیار کریں اور اس کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی اور داخل مریضوں اور انہیں دی جانے والی ادویات ، لیب ٹیسٹ اور دیگر سہولیات کا بھی ریکارڈ ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے سندھ میں صحت کے مسائل اور سروسز کا احاطہ کرنے میں مدد ملے گی۔ اور اس کے ساتھ ساتھ لیبس اور ادویات کا غلط استعمال پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلی سند ھ نے کہا کہ وہ ذاتی طورپر بچوں کے صحت کی خدمات پر توجہ دیں گے اور وقتا فوقتا اس حوالیسے جائزہ اجلاس منعقد کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :