نواز شریف کیخلاف تمام فیصلے پہلے سے لکھے جاچکے ہیں ، مریم اورنگزیب

عدالت کوئی ایسی آئینی تشریح بھی ڈھونڈے جس سے نوازشریف کے ووٹرز کو نااہل کیا جا سکے، اس طرح کے فیصلوں سے نوازشریف کی عوامی مقبولیت بڑھ گئی ہے، وزیر مملکت

جمعرات 22 فروری 2018 22:20

نواز شریف کیخلاف تمام فیصلے پہلے سے لکھے جاچکے ہیں ، مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف تمام فیصلے جو اب تک آئے ہیں یا آئندہ آئیں گے یہ پہلے لکھے جا چکے ہیں، عدالت کوئی ایسی آئینی تشریح بھی ڈھونڈے جس سے نوازشریف کے ووٹرز کو نااہل کیا جا سکے، اس طرح کے فیصلوں سے نوازشریف کی عوامی مقبولیت بڑھ گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی کے متعلق کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی پاناما کیس کی ایک کڑی ہے، ن لیگ کا اگلا صدر کون ہو گا فیصلہ نوازشریف اور پارٹی رہنماوں کی مشاورت کے بعد ہوگا، نوازشریف پارٹی لیڈر ہیں اور وہ پارٹی لیڈر شپ کے ساتھ مشاورت سے فیصلے کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ بنیادی حقوق کے خلاف تھا، کمزور فیصلوں کا دفاع کرنے کیلئے کمزور فیصلے ہی لکھنا پڑتے ہیں، انتظار ہے لکھے ہوئے باقی فیصلے سنانے کی باری کب آتی ہی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مسلم لیگ (ن)کی صدارت سے دوبارہ نااہل کردیا ہے جبکہ آج الیکشن کمیشن نے بھی مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کی جانب سے جاری ہونے والے نئے پارٹی ٹکٹس کو مسترد کرتے ہوئے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کو بطور سیاسی جماعت سینیٹ الیکشن سے باہر نکال دیا ہے تاہم پارٹی امیدواروں کو آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔