فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کے دوران غیرمعیاری دودھ کی تین گاڑیاں پکڑلیں، دو ہزار لیٹر دودھ تلف

جمعرات 22 فروری 2018 22:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ شعبہ فوڈ نے جہلم روڈ پر بڑی کارروائی کے دوران مضر صحت اور غیرمعیاری دودھ کی تین گاڑیاں پکڑ کردو ہزار لیٹر دودھ تلف کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے جہلم روڈ پر ناکہ لگا کرکارروائی کرتے ہوئے شہر میں غیرمعیاری دودھ فروخت کیلئے لیکر آنے والی تین گاڑیاں پکڑ لیں۔

(جاری ہے)

دودھ کا معیار جاننے کیلئے جب حاصل کئے گئے نمونوں کو تجزیہ کیا گیا تو دودھ میں سوڈیم کلورائٹ اور ویجیٹیبل آئل کے مکس سے دودھ کو گاڑھا کیا گیا تھااور فیٹ(چکناہٹ) کی مقدار بھی سات پوئنٹ سے زیادہ پائی گئی، چیف آفیسر چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے احکامات کے بعد قبضے میں لیا گیا دو ہزار لیٹر دودھ تلف کردیا گیا، فوڈ انسپکٹر یاسر نے کارروائی کی تفصیل کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیاں جہلم ، سردگوھا اور جھنگ سے دودھ راولپنڈی شہر میں فروخت کیلئے لیکر آرہی تھی، ذرائع کے مطابق چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے اہلکاروں نے دودھ کی ترسیل کیلئے استعمال کئے جانے والے ممنوعہ ڈرم اور دستاویزات قبضے میں لے لئے، اعلیٰ حکام کی ہدایات کے مطابق غیرمعیاری دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی، کنٹونمنٹ بورڈ کے اعلی افسران ، ممبران اور نائب صدر راجہ عرفان کی موجودگی میں دودھ تلف کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :