ہمارے تمام انفرادی یا اجتماعی مسائل کا حل صرف اور صرف تعلیم سے ہی ممکن ہے، راجہ شفیق خان

جمعرات 22 فروری 2018 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2018ء) تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔READفاؤنڈیشن کیجنرل منیجر راجہ شفیق خان نے کہا کہ ہمارے تمام انفرادی یا اجتماعی مسائل کا حل صرف اور صرف تعلیم سے ہی ممکن ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت اڑھائی کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں ۔

ان بچوں کے لیے تعلیم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ وسائل کی کمی ہے ۔انھوں نے کہا کہ اگر ہم اس ملک اور قوم کو خو شحال دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں تعلیم سے محروم بچوں کی اس بڑی تعداد کو معیاری تعلیم سے فیض یاب کرنا ہوگا۔READفاؤنڈیشن کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن گزشتہ24سال سے ملک کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے کو شاں ہے۔

(جاری ہے)

اللہ کے فضل اور مخیر حضرات کے تعاون سے فاؤنڈیشن ملک میں یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت کرنے والا سب سے بڑا ادارہ بن چکی ہے ۔ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے فرد واحد کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے کردار کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس ملک کے ہر شہری کو تعلیم دوست بننا ہو گا اور تعلیم دوستی کے حوالے سے اپنے جذبات کا عملی ثبوت دینا ہو گا۔

اسی مقصد کے پیش نظر فاؤنڈیشن کی جانب سے تعلیم دوست مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔یہ مہم بچوں سے شروع کی جارہی ہے ۔ مہم کے پہلے مرحلے کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو بطور فنڈ ریزر شامل کیاگیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ مہم اس حوالے سے بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہے کہ اس سے کئی طرح کے فوائد حاصل ہوں گے، بنیادی طور پر اس سے فاؤنڈیشن کے 382اداروں میں زیر تعلیم ہزاروں نادار اور یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت میں مدد حاصل ہوگی ، فنڈ ریزنگ کرنے والے بچوں کی ذہنی و اخلاقی تربیت ہو گی اور ان میں خدمت خلق کا جذبہ پروان چڑھے گا۔

مہم کے پراجیکٹ کو آرڈینیٹر ارفاق ملک نے کہا کہ مہم کے دوران تعلیم دوست بچوں کا جوش و خروش اور جذبہ قابل تحسین ہے۔اپنے پہلے ہی مرحلے میں تعلیم دوست مہم راولپنڈی اور اسلام آباد کے بچوں میں خاصی مقبول ہے ۔ تعلیم دوست بچے بڑھ چڑھ کر اس مہم میں شامل ہو رہے ہیں اور اپنی جیب خرچ ، والدین ، دوستوں اور رشتہ داروں کی مدد سے عطیات جمع کر رہے ہیں۔

یہ عطیات فاؤنڈیشن کے اداروں میں زیر تعلیم نادار اور یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت پر خرچ کیے جائیں گے۔ انھوں نے والدین اور اساتذہ سے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یتیم اور نادار طلبہ و طالبات کی تعلیمی کفالت کے لیے تعلیم دوست مہم کے دوران جو کردار وہ ادا کر رہے ہیں اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ اس موقع پر READفاؤنڈیشن کے میڈیا آفیسر عثمان بارانی نے صحافی براداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور تعلیم کا گہرا تعلق ہے ۔

انھوں نے کہا کہ اخبارات اور میڈیا چینلز کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے اہم ذمہ داری یہ بھی ہے کہ وہ تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان میںتعلیم کے فروغ کے لیے صحافت کا کردار ہمیشہ قابل تحسین رہاہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم دوست مہم کے دوران صحافی برادری نے مثالی کردار ادا کیا جس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔ًًً

متعلقہ عنوان :