سعودی عرب میں افواج کے دستے کو بھیجنا پوری قوم کی آواز ہی,حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

جمعرات 22 فروری 2018 22:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2018ء) پاکستان علماء کونسل اداروں کے درمیان تصادم اور کمزور کرنے کی ہر سازش کو مسترد کرتی ہے اور مہذب قومیں عدلیہ کے فیصلوں کو تسلیم کرتی ہیں ، سعودی عرب میں افواج کے دستے کو بھیجنا پوری قوم کی آواز ہے ، ارض الحرمین الشریفین کا دفاع ، سلامتی اور استحکام ہر مسلمان پر فرض ہے ، پاکستان کی فوج یمن نہیں سعودی عرب کی افواج کی تربیت اور مشاورت کیلئے جا رہی ہیں، سعودی عرب میں ہونے مہر جان جنادریہ پروگرام اسلام اور عرب ثقافت اور تہذیب کا عملی نمونہ ہے جس میں مسلم مفکرین اور علماء کے نمائندہ کے طور پر مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا خادم الحرمین الشریفین کے سامنے خطاب تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس پر ہم سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد معاذ بن جبل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا نائب خان ، مولانا شہزاد احمد ، مولانا حفیظ الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہاکہ پاکستان علماء کونسل سیاسی و مذہبی قائدین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ملک کے ماحول کو تلخی کی طرف نہ لے جائیں ، پارلیمنٹ اور جمہوریت کو کمزور کرنے سے بعض سیاسی جماعتوں کا کردار ہے اگر پارلیمنٹ پر اعتماد کیا گیا ہوتا تو پانامہ کے معاملہ پر عدالتوں کی طرف سے اور عدالتوں پر یہ مسائل پیدا نہ ہوتے ، انہوں نے کہا کہ سپہ سالار قوم کی طرف سے سعودی عرب کی افواج کو تربیت اور مشاورت کیلئے پاک فوج کا دستہ ارسال کرنے کا اعلان درست سمت قدم ہے اور پاکستان علماء کونسل اس کی مکمل تائید کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی قائدین معلومات نہ ہونے کی بنا پر بلاجواز پاکستان کی افواج کے سعودی عرب جانے پر تنقید کر رہے ہیں، پاکستانی افواج کا سعودی عرب جانا ایک معاہدہ کے تحت ہے اور پوری قوم ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے سر بکف ہے انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں سعودی عرب میں انتشار پھیلانے کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو عالمی اور کھلا شہر قرار دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں جسے امت مسلمہ مسترد کرتی ہے اور ایسا مطالبہ کرنے والے قرآن و سنت کی تعلیمات سے ناواقف ہیں ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین کیلئے عالمی سطح پر مکہ مکرمہ میں کانفرنس بلائی جائے جس کی صدارت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کریں تا کہ ارض الحرمین الشریفین کے خلاف ہونے والی سازشوں کا عالمی اور شرعی طور پر تعاقب کیا جاسکے ۔

رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ قادیانی سر براہ مرزا مسرور کی طرف سے قادیانیوں کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ جانے کی ہدایت ارض الحرمین الشریفین میں انتشار پھیلانے کی سازش ہے لہذا فوری طور پر حج اور عمرہ ویزہ فارم میں ختم نبوت کا خانہ شامل کیا جائے ۔ قادیانی امت مسلمہ کے متفقہ فتویٰ کے مطابق کافر ہیں اور ان کا مکتہ المکرمہ اور مدینہ منورہ میں شرعی طور پر داخلہ ممنوع ہے ۔

رہنمائوں نے پاکستان علماء کونسل کی طرف سے 32 دیں سالانہ جنادریہ پروگرام میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل کو بطور مسلم سکالرز کے نمائندہ کے خطا ب کی دعوت پر سعودی عرب کی قیادت خادم الحرمین الشریفین اور ان کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شام کی عوام پر ہونے والے مظالم پر سعودی عرب کے علاوہ باقی مسلم ممالک کی خاموشی قابل افسوس ہے اور کل ملک بھر میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات سے شام کے عوام کیلئے خصوصی دعا کی جائے گی اور شام کی عوام پر ہونے والے مظالم کی بھر پور مذمت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :