سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف کے بیانئے کو مزید تقویت ملے گی،نوازشریف مقبول لیڈر ہیں وہ کسی عہدے کے مرہون منت نہیں،ایم ساجد عباسی

یہ باتیں قائد میاں نوازشریف کو نقصان نہیں پہنچارہیں بلکہ اداروں کے خلاف جا رہی ہیں،مسلم لیگ(ن)کے فیصلے نوازشریف ہی کریں گے،مسلم لیگی رہنما

جمعرات 22 فروری 2018 22:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آبادسٹی کے جنرل سیکرٹری و نومنتخب چیئرمین ایم ساجد عباسی نے اپنے بیان کہاہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف کے بیانئے کو مزید تقویت ملے گی،کمزور فیصلے کے دفاع میں سارے فیصلے آ رہے ہیں،اداروں کا احترام ان اداروں کی کارکردگی اور کردارسے ہوتا ہے،آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ پوری قوم دیکھ رہی ہے،اس باشعور قوم کو پوری طرح احساس ہو گیا ہے کہ ایک فرد یا ایک خاندان کو نشانہ بنانے کیلئے کس طرح کے حربے اختیار کئے جا رہے ہیں اور کیوں آئین کو بھی تماشہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مخدوم جاوید ہاشمی اور دیگر رہنما جو کہتے رہے وہ سچ ہوتا نظر آ رہا ہے ،میاں نوازشریف کو پاکستان کو بہتربنانے کی سزامل رہی ہے،نادان دوست جو گھر نہیں چلا سکتے وہ ملک چلانے کی باتیں کرتے ہیں،ذاتی زندگی میں جو کردار نہیں وہ کسی کردار کاحق دار نہیں، نوازشریف کے کئے گئے فیصلوں پر ہی دستخط ہونگے اور ان کے کئے گئے فیصلوں پر ہی عوام مہر لگائیں گے۔

(جاری ہے)

ایم ساجد عباسی نے کہاکہ پارلیمنٹ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونیوالا بالاترین ادارہ ہے جوتمام اداروں کی حدود کو تعین کرتا ہے اس کو آئین میں ترامیم کا بھی اختیار حاصل ہے ،آئین بنانے اور آئین میں ترامیم کا اختیار رکھنے والے منتخب ادارے کی اتارٹی کوچیلنج کرناریاستی نظام کو چیلنج کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہمارا اصولی موقف ہے اور اس میں ترمیم کرسکتی ہے،تخلیق کرنے والی مخلوق کے نیچے نہیں ہو سکتا،یہ بات دنیا بھر کے جمہوری اصولوں کے خلاف ہے،آئین بلاشبہ ریاست کا نظام چلانے کیلئے سب سے مقدس دستاویز ہے لیکن یہ دستاویز عوام کے منتخب نمائندوں پر مشتمل پارلیمنٹ بناتی ہے،پارلیمنٹ کو عدلیہ اور انتظامیہ کے ساتھ ایک ریاستی ستون کہاجاتاہے۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف ایک مقبول لیڈر ہیںاور وہ کسی عہدے کے مرہون منت نہیں،پارٹی کا نام ہی مسلم لیگ(ن) ہے ، یہ قائد میاں نوازشریف کو نہ کسی جمہوری عمل کا حصہ بننے دیں گے اور نہ ہی انتخابات میں حصہ لینے دیں گے کیونکہ نوازشریف کی مقبولیت کم نہیں ہو رہی ،ایسی باتیں ملک کو نقصان پہنچائے گی۔مسلم لیگی رہنماایم ساجد عباسی نے کہاکہ یہ باتیں قائد میاں نوازشریف کو نقصان نہیں پہنچارہیں بلکہ یہ باتیں اداروں کے خلاف جا رہی ہیں،تمام قومی ادارے اپنی اپنی حدود میں کام کریں تو کسی قسم کا تصادم اور ٹکرائو پیدانہیں ہوسکتا،پاکستان اس وقت جس نازک صورتحال سے گزررہا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ صرف قومی مفاد اور بقی کو ہر معاملے میں ترجیح دی جائے۔